سکیو رٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں خفیہ معلومات پر مبنی کامیاب آپریشن کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے 8 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا ہے۔
شمالی وزیرستان میں سکیو رٹی فورسز کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 8 خوارج ہلاک، ٹھکانے تباہ

مزید خبریں
راولپنڈی/پشاور۔24ستمبر (اے پی پی):سکیو رٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں خفیہ معلومات پر مبنی کامیاب آپریشن کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے 8 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پر مؤثر کارروائی کی، جس کے دوران خوارج کے ٹھکانوں کو مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔ذرائع نے بتایا کہ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں جدید اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر جنگی ساز و سامان برآمد ہوا ہے۔
آپریشن کے دوران خوارج نے سکیو رٹی فورسز کی جوابی کارروائی سے بچنے کے لیے مسجد کو بطور ڈھال استعمال کرنے کی مذموم کوشش کی، تاہم فورسز نے مسجد کے تقدس اور حرمت کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہوئے انتہائی پیشہ ورانہ مہارت اور حکمت عملی کے ساتھ دہشت گردوں کو نشانہ بنایا اور مسجد کو کسی بھی نقصان سے بچا لیا۔
سکیو رٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز خیبرپختونخوا اور بالخصوص قبائلی اضلاع سے فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے مکمل خاتمے اور خطے میں امن و استحکام کی بحالی کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم پر سختی سے کاربند ہیں۔








