نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی لاہور کی بروقت کارروائی ، جان لیوا مواد پر تحقیق کرنے والا مشتبہ شخص گرفتار

نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) لاہور نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر جان لیوا مواد پر تحقیق کرنے والے مشتبہ شخص کو گرفتار کرکے قیمتی جان بچا لی

اسلام آباد۔24ستمبر (اے پی پی):نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) لاہور نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر جان لیوا مواد پر تحقیق کرنے والے مشتبہ شخص کو گرفتار کرکے قیمتی جان بچا لی۔ترجمان این سی سی آئی اے کے مطابق ایف بی آئی کی جانب سے ایک مشکوک اے آئی صارف کو فلیگ کیا گیا تھا جو مبینہ طور پر جان لیوا مواد پر تحقیق کر رہا تھا۔ اس حوالے سے الرٹ وزارت خارجہ کے ذریعے این سی سی آئی اے کو موصول ہوا۔ترجمان نے بتایا کہ این سی سی آئی اے لاہور سرکل نے فوری طور پر انکوائری درج کی جبکہ این سی سی آئی اے کی اوپن سورس انٹیلی جنس (او ایس آئی این ٹی) ٹیم نے جدید ٹریسنگ ٹیکنالوجی اور نادرا کی معاونت سے مشتبہ شخص کی شناخت شایان علی کے نام سے کی اور اس کی موجودگی بہاولپور میں ٹریس کی۔انہوں نے بتایا کہ افسران بالا کی ہدایات پر سرچ وارنٹ کے ساتھ کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو حراست میں لے لیا گیا۔ کارروائی کے دوران موبائل فون اور مشتبہ خطرناک کیمیکلز برآمد ہوئے جبکہ ڈیوائس سے متعلقہ اے آئی ایپلی کیشن کے استعمال کے شواہد بھی ملے۔ترجمان نے کہا کہ بروقت اطلاع، جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ انداز میں کی گئی کارروائی کے باعث ممکنہ بڑے سانحے کو رونما ہونے سے روکنے میں مدد ملی۔ترجمان این سی سی آئی اے نے کہا کہ ادارہ شہریوں کے تحفظ اور سائبر جرائم کی روک تھام کے لئے ہمہ وقت متحرک ہے۔ شہری کسی بھی سائبر جرم کی اطلاع ہیلپ لائن 1799 پر دے سکتے ہیں۔