بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے قائم مقام ریکٹر،صدر پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد کی قیادت میں یونیورسٹی کے اعلیٰ سطح کے وفد نے سعودی عرب کے 96ویں قومی دن کے سلسلہ میں مقامی ہوٹل میں منعقدہ تقریب میں شرکت کی
اسلامی یونیورسٹی کے وفد کی سعودی عرب کے 96ویں قومی دن کی تقریب میں شرکت، مبارکباد پیش کی

مزید خبریں
اسلام آباد۔24ستمبر (اے پی پی):بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے قائم مقام ریکٹر،صدر پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد کی قیادت میں یونیورسٹی کے اعلیٰ سطح کے وفد نے سعودی عرب کے 96ویں قومی دن کے سلسلہ میں مقامی ہوٹل میں منعقدہ تقریب میں شرکت کی۔یونیورسٹی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وفد میں نائب صدور، ڈینز، ڈائریکٹرز جنرل، ڈائریکٹرز اور سینئر اساتذہ شامل تھے۔ تقریب میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ اور دوستانہ تعلقات کو اجاگر کیا گیا۔قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق اور سعودی سفارتخانے کے ناظم الامور نائف بن ملافخ نے تقریب میں مشترکہ طور پر کیک کاٹا۔ تقریب میں سفارتکاروں، پارلیمنٹیرینز اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی اور پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ شراکت داری کو سراہا۔ سعودی قومی دن مملکت سعودی عرب کے بانی شاہ عبدالعزیز آل سعود کی قیادت میں 1932 میں مملکت کے اتحاد کی یاد میں منایا جاتا ہے۔اس موقع پر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے وفد نے سعودی عرب کی قیادت اور عوام کو قومی دن پر مبارکباد پیش کی اور دونوں برادر ممالک کے درمیان علمی، تعلیمی اور ثقافتی روابط کے فروغ کے لئے یونیورسٹی کے عزم کا اعادہ کیا۔بیان کے مطابق بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے سعودی عرب کے ساتھ دیرینہ اور مضبوط تعلقات ہیں جن کی بنیاد مشترکہ دینی و ثقافتی اقدار اور اسلامی تعلیم کے فروغ کے مشترکہ عزم پر قائم ہے۔ یونیورسٹی نے سعودی عرب کے تعاون اور خیرسگالی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی اور ثقافتی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔








