گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے عالمی یومِ بحری امور کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی ترقی میں بندرگاہوں اور میری ٹائم سیکٹر کی اہمیت مسلمہ ہے
پاکستان کی معاشی ترقی میں بندرگاہوں اور میری ٹائم سیکٹر کی اہمیت مسلمہ ہے، گورنر سندھ نہال ہاشمی

مزید خبریں
کراچی۔ 24 ستمبر (اے پی پی):گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے عالمی یومِ بحری امور کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی ترقی میں بندرگاہوں اور میری ٹائم سیکٹر کی اہمیت مسلمہ ہے۔جمعرات کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق انہوں نے کہا کہ کراچی پاکستان کی بحری تجارت اور میری ٹائم سرگرمیوں کا اہم مرکز ہے، جہاں موجود بندرگاہی اور بحری سہولیات ملکی تجارت اور معیشت میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔گورنر سندھ نے کہا کہ سمندری وسائل کا موثر اور پائیدار استعمال ملکی معیشت کیلئے نئے مواقع پیدا کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری ٹائم سیکٹر میں جدید ٹیکنالوجی، ہنرمند افرادی قوت اور بہتر انفراسٹرکچر وقت کی اہم ضرورت ہے، جبکہ پاکستان کو اپنی طویل ساحلی پٹی اور بحری وسائل سے بھرپور معاشی فوائد حاصل کرنے کیلئے مزید جامع حکمتِ عملی اپنانا ہوگی۔ گورنر سندھ نے کہا کہ بلو اکانومی کے مزید فروغ سے پاکستان کیلئے سرمایہ کاری، روزگار اور معاشی ترقی کے نئے راستے کھل سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میری ٹائم شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، تحقیق، تربیت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کی ضرورت ہے تاکہ سمندری وسائل کو قومی ترقی کیلئے موثر انداز میں بروئے کار لایا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ محفوظ، موثر، جدید اور ماحول دوست بحری شعبے کیلئے تمام متعلقہ اداروں اور اسٹیک ہولڈرز کو مشترکہ کوششیں جاری رکھنا ہوں گی۔گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان کے سمندری وسائل اور ساحلی معیشت کو مستحکم کرکے ملکی معیشت میں میری ٹائم سیکٹر کے کردار کو مزید وسعت دی جاسکتی ہے۔








