پاک سعودی تعلقات ایمان، مشترکہ اقدار، اخوت اور باہمی اعتماد کی مضبوط بنیاد پر قائم ہیں، گورنر سندھ

گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے سعودی عرب کے 96ویں قومی دن کے موقع پر سعودی فرمانروا خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور برادر سعودی عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کیلئے سعودی عرب محض ایک دوست ملک نہیں بلکہ دونوں عوام کے دلوں میں بسنے والا گہرا، …

کراچی۔ 24 ستمبر (اے پی پی):گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے سعودی عرب کے 96ویں قومی دن کے موقع پر سعودی فرمانروا خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور برادر سعودی عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کیلئے سعودی عرب محض ایک دوست ملک نہیں بلکہ دونوں عوام کے دلوں میں بسنے والا گہرا، تاریخی اور برادرانہ رشتہ ہے۔جمعرا ت کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ تعلقات ایمان، مشترکہ اقدار، ثقافت، تجارت اور اخوت کے جذبے سے مضبوط ہوئے ہیں۔ یہ تعلق کئی دہائیوں پر محیط باہمی اعتماد اور نسل در نسل مضبوط ہوتے رشتے کی عکاسی کرتا ہے۔سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ دفاعی تعائون پاک سعودی تعلقات کا اہم ستون ہے۔ 1960کی دہائی میں شروع ہونے والے دفاعی تعائون سے لے کر 1982 کے دوطرفہ سکیورٹی تعائون کے معاہدے تک دونوں ممالک نے فوجی تربیت، پیشہ ورانہ تبادلوں اور اسٹریٹجک تعائون کی مضبوط روایت قائم کی۔انہوں نے کہا کہ ستمبر 2025 میں اس دیرینہ دفاعی شراکت داری نے ایک نئے مرحلے میں داخل ہوتے ہوئے اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے کی صورت اختیار کی، جبکہ اگست 2026 میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے نے تعاون کے ایک اور باب کا آغاز کیا، جس سے اجتماعی سلامتی، امن، استحکام اور باہمی احترام کے عزم کو مزید تقویت ملی۔گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے، جبکہ سعودی عرب نے بھی ہر مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ مضبوط دوستی اور تعاون کا عملی مظاہرہ کیا ہے۔ پاک سعودی دفاعی تعاون دراصل دونوں ممالک کے درمیان باہمی اعتماد کی مضبوط روایت کی عکاسی کرتا ہے۔سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ اکتوبر 2025 میں پاکستان اور سعودی عرب نے اقتصادی تعاون فریم ورک کا آغاز کیا، جس کے تحت توانائی، صنعت، معدنیات، انفارمیشن ٹیکنالوجی، سیاحت، زراعت اور غذائی تحفظ سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔ پاک سعودی تعاون کو روزگار، کاروبار، ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع میں تبدیل کیا جاسکتا ہے۔گورنر سندھ نے کہا کہ پاک سعودی تعلقات کو محض معاہدوں، سرمایہ کاری یا سرکاری دوروں سے نہیں ناپا جاسکتا، اس رشتے کی اصل طاقت عوام میں ہے۔ لاکھوں پاکستانیوں نے سعودی عرب کی ترقی میں اپنا کردار ادا کیا ہے، جبکہ پاکستانی عوام کے دلوں میں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے لیے گہری عقیدت اس برادرانہ رشتے کو مزید منفرد بناتی ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ اپنی قدیم تہذیب، بھرپور ثقافتی ورثے، طویل ساحلی پٹی، اہم بندرگاہوں، زرعی و صنعتی وسائل اور بحیرہ عرب و خلیج سے جڑے اسٹریٹجک محل وقوع کے باعث پاک سعودی تعاون کے لیے وسیع امکانات رکھتا ہے۔ کراچی صدیوں سے تجارت، ثقافت اور خیالات کے تبادلے کا مرکز رہا ہے اور خلیج و عرب دنیا کے ساتھ روابط میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ پاکستان اپنی انسانی صلاحیت، محنت، ٹیلنٹ اور وسیع امکانات رکھتا ہے جبکہ سعودی عرب اپنی غیر معمولی معاشی تبدیلی، بلند عزائم اور سرمایہ کاری و جدت کے بڑھتے ہوئے مواقع کے ساتھ ایک مضبوط شراکت دار ہے۔ دونوں ممالک مل کر اخوت کو مواقع، یکجہتی کو خوشحالی اور دوستی کو نئی نسلوں کے روشن مستقبل میں تبدیل کرسکتے ہیں۔گورنر سندھ نے کہا کہ موجودہ عالمی تبدیلیوں کے دور میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط شراکت داری خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔ اتحاد ہماری طاقت، امن ہماری خواہش اور خوشحالی ہماری مشترکہ منزل ہے۔ انہوں نے سعودی عرب کی ترقی، خوشحالی اور کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ پاکستان اور سعودی عرب کی تاریخی دوستی ہر آنے والی نسل میں مزید مضبوط ہو۔اس موقع پرگورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے سعودی قونصل جنرل اور خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) ممالک کے قونصل جنرلز کے ہمراہ کیک بھی کاٹا۔تقریب میں وفاقی وزیر چودھری سالک حسین، صوبائی وزیر سعید غنی، صوبائی وزیر ذوالفقار شاہ، آئی جی سندھ پولیس، ترکیہ، امریکہ، قطر، اٹلی، متحدہ عرب امارات، برطانیہ، تھائی لینڈ، افغانستان اور جرمنی سمیت مختلف ممالک کے قونصل جنرلز اور سفارتی نمائندگان، ممتاز کاروباری شخصیات، عمائدین شہر، میڈیا سے وابستہ افراد اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔