ملک کے منتخب اضلاع میں خصوصی انسدادِ پولیو مہم پانچویں روز بھی جاری ہے۔ نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (این ای او سی )کے مطابق مہم کے پہلے چار روز میں 2 کروڑ 65 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جا چکے ہیں۔ ملک کے منتخب اضلاع میں خصوصی انسدادِ پولیو مہم 21 تا 27 ستمبر جاری رہے گی، جس کے دوران مجموعی طور پر 3 …
ملک کے منتخب اضلاع میں خصوصی انسدادِ پولیو مہم پانچویں روز بھی جاری

مزید خبریں
اسلام آباد۔25ستمبر (اے پی پی):ملک کے منتخب اضلاع میں خصوصی انسدادِ پولیو مہم پانچویں روز بھی جاری ہے۔ نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (این ای او سی )کے مطابق مہم کے پہلے چار روز میں 2 کروڑ 65 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جا چکے ہیں۔ ملک کے منتخب اضلاع میں خصوصی انسدادِ پولیو مہم 21 تا 27 ستمبر جاری رہے گی، جس کے دوران مجموعی طور پر 3 کروڑ 10 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچائوکے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
مہم کے دوران 2 لاکھ 73 ہزار سے زائد پولیو ورکرز گھر گھر جا کر بچوں کو قطرے پلانے میں مصروف ہیں۔این ای او سی کے مطابق پنجاب کے منتخب اضلاع میں تقریباً 75 لاکھ 11 ہزار بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جا چکے ہیں،سندھ کے 30 منتخب اضلاع میں تقریباً 94 لاکھ 10 ہزار بچوں ،خیبر پختونخوا کے 37 منتخب اضلاع میں 69 لاکھ 20 ہزار سے زائد، بلوچستان کے 32 منتخب اضلاع میں 20 لاکھ 93 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچائوکے قطرے پلائے جا چکے ہیں۔اسی طرح اسلام آباد میں 4 لاکھ 41 ہزار سے زائد جبکہ گلگت بلتستان کے 2 منتخب اضلاع میں تقریباً ایک لاکھ 40 ہزار بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جا چکے ہیں۔
این ای او سی نے کہا ہے کہ پولیو ایک لاعلاج مرض ہے، تاہم ویکسین کے ذریعے اس سے بچائوممکن ہے۔ این ای او سی نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے پانچ سال تک کی عمر کے ہر بچے کو انسدادِ پولیو مہم کے دوران قطرے لازمی پلوائیں تاکہ بچوں کو اس موذی مرض سے محفوظ رکھا جا سکے۔پولیو ٹیم سے رابطے یا مزید معلومات کے لیے 1166 پر کال کی جا سکتی ہے جبکہ 03467776546 پر واٹس ایپ کے ذریعے بھی پیغام بھیجا جا سکتا ہے۔







