وزیراعظم محمد شہباز شریف نےکثیرالجہتی نظام کے لیے پاکستان کے پختہ عزم اور عالمی امن و ترقی کے فروغ میں اقوام متحدہ کے مرکزی کردار کو اجاگر کرتے ہوئے اس کے منشور کے مقاصد اور اصولوں سے پاکستان کی مضبوط وابستگی کا اعادہ اور علاقائی کشیدگی کے خاتمے کے لیے مکالمے و سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا ہے ۔
وزیراعظم محمد شہبازشریف کی یواین سیکرٹری جنرل سے ملاقات، اقوام متحدہ کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے اس کے منشور کے مقاصد اور اصولوں سے پاکستان کی وابستگی کا اعادہ کیا

مزید خبریں
نیویارک۔25ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نےکثیرالجہتی نظام کے لیے پاکستان کے پختہ عزم اور عالمی امن و ترقی کے فروغ میں اقوام متحدہ کے مرکزی کردار کو اجاگر کرتے ہوئے اس کے منشور کے مقاصد اور اصولوں سے پاکستان کی مضبوط وابستگی کا اعادہ اور علاقائی کشیدگی کے خاتمے کے لیے مکالمے و سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا ہے ۔
جمعے کو پی ایم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر یواین سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش سے ملاقات ہوئی جس دوران انہوں نے کثیرالجہتی نظام کے لیے پاکستان کے پختہ عزم اور عالمی امن و ترقی کے فروغ میں اقوام متحدہ کے مرکزی کردار کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے اس کے منشور کے مقاصد اور اصولوں سے پاکستان کی مضبوط وابستگی کا اعادہ کیا۔ انہوں نے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش کی قیادت کو سراہتے ہوئے انسانیت کی بہتری کے لیے اقوام متحدہ کے تمام شعبوں میں یو این منشور کی پاسداری کے حوالے سے ان کے اصولی کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال سمیت اہم علاقائی اور عالمی امور بارے تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے علاقائی کشیدگی کے حل کے لیے مکالمے اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت اور آزاد ریاست کے قیام کے حق کے لیے بھی پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔وزیراعظم نے سیکرٹری جنرل کو اسلاموفوبیا کے بڑھتے رجحان بالخصوص پاکستان کے قریبی ہمسایہ خطے میں اس کے بڑھتے واقعات سے آگاہ کرتے ہوئے اس رجحان کی روک تھام کے لیے مؤثر عالمی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔
دونوں رہنماؤں نے افغانستان کی صورتحال اور افغان سرزمین سے ہونے والی دہشتگردی میں ہونے والے تشویشناک اضافے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے اقوام متحدہ میں پاکستان کے قائدانہ کردار و مؤثر آواز، عالمی امن و سلامتی کے لیے خدمات بالخصوص تنازعے کے پرامن حل اور خطے میں پائیدار امن و استحکام کے لیے پاکستان کی اہم سفارتی و ثالثی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار اور اس ضمن میں دی جانے والی قربانیوں کو بھی سراہا۔








