ملک میں خوردنی تیل کی درآمدات میں رواں مالی سال کے دوران معمولی اضافہ ریکارڈ

ملک میں خوردنی تیل کی درآمدات میں رواں مالی سال کے دوران معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔سٹیٹ بینک آف پاکستان اور پاکستان کے ادارہ برائے شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ کے دوران پام آئل اور سویا بین آئل کی مجموعی درآمدات پر 613.37 ملین ڈالر کا زرمبادلہ خرچ ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 609.55 ملین ڈالر …

اسلام آباد۔25ستمبر (اے پی پی):ملک میں خوردنی تیل کی درآمدات میں رواں مالی سال کے دوران معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔سٹیٹ بینک آف پاکستان اور پاکستان کے ادارہ برائے شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ کے دوران پام آئل اور سویا بین آئل کی مجموعی درآمدات پر 613.37 ملین ڈالر کا زرمبادلہ خرچ ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 609.55 ملین ڈالر کے مقابلے میں 0.63 فیصد زیادہ ہے۔ مالی سال کے پہلے دو ماہ کے دوران پام آئل کی درآمدات پر 613.06 ملین ڈالر کا زرمبادلہ خرچ ہوا، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں پام آئل کی درآمدات پر 583.51 ملین ڈالر خرچ ہوئے تھے۔

اس طرح زیر جائزہ مدت کے دوران پام آئل کی درآمدات میں 29.55 ملین ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔اعداد و شمار کے مطابق اگست 2026 کے دوران پام آئل کی درآمدات کا حجم 209.76 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو جولائی 2026 میں 363.29 ملین ڈالر کے مقابلے میں 153.53 ملین ڈالر کم ہے۔ تاہم گزشتہ سال اگست کے 209.16 ملین ڈالر کے مقابلے میں رواں سال اگست میں پام آئل کی درآمدات میں 0.60 ملین ڈالر کا اضافہ ہوا۔مالی سال 2026 کے دوران پام آئل کی مجموعی درآمدات پر 3.570 ارب ڈالر کا زرمبادلہ خرچ ہوا تھا۔

اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ کے دوران سویا بین آئل کی درآمدات پر 0.31 ملین ڈالر کا زرمبادلہ خرچ ہوا جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں سویا بین آئل کی درآمدات کا حجم 26.04 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ اس طرح زیر جائزہ مدت کے دوران سویا بین آئل کی درآمدات میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔اگست 2026 کے دوران سویا بین آئل کی درآمدات صفر رہیں جبکہ جولائی 2026 میں اس کی درآمدات کا حجم 0.31 ملین ڈالر اور گزشتہ سال اگست میں 12.30 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا،گزشتہ مالی سال کے دوران سویا بین آئل کی مجموعی درآمدات کا حجم 72.19 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

 

مزید خبریں