وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں کئی سال سے پی ٹی آئی برسر اقتدار ہے،وہ اپنی کارکردگی بتائے کہ عوام کے لئے کیا کیا،دھرنے اور احتجاج کسی مسئلے کا حل نہیں۔
دھرنے اور احتجاج کسی مسئلےکا حل نہیں،وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان

مزید خبریں
اسلام آباد۔25ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں کئی سال سے پی ٹی آئی برسر اقتدار ہے،وہ اپنی کارکردگی بتائے کہ عوام کے لئے کیا کیا،دھرنے اور احتجاج کسی مسئلے کا حل نہیں۔
جمعہ کو پاکستان مسلم لیگ (ن )کے رہنمائوں ثمر ہارون بلور اور زاہد خان کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر امیر مقام نے کہا کہ کشمیر میں کسی کی سوچ میں نہیں تھا کہ اس طرح انتخابات ہو جائیں گے،کشمیر میں تمام مراحل مکمل ہو گئے ہیں،کشمیری عوام کا شکریہ کہ انہوں نے جمہوریت کا ساتھ دیا،گھروں سے نکل کر ووٹ ڈالا ۔ڈاکٹر نجیب نقی صدر آزاد کشمیر منتخب ہو گئے ہیں اور وہ پونچھ سے تعلق رکھتے ہیں،کشمیر کی تعمیر وترقی پاکستان مسلم لیگ (ن ) کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،نواز شریف نے جو وعدے کیے ہیں ان پر کام شروع ہے انشا اللہ پورے کریں گے،احتجاج اور دھرنوں سے کچھ حاصل نہیں ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ راولاکوٹ میں بیٹھے مظاہرین سے اپیل ہےکہ دھرنا ختم کریں آئیں بیٹھ کر بات کریں تاکہ پونچھ میں جلد انتخابات کرائے جائیں،دھرنوں سے نقصان عوام اور طلبہ کا ہو رہا ہے،خیبرپختونخوا حکومت کی نااہلی سب کے سامنے ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام اور فورسز نے دہشتگردی کے خلاف قربانیاں دی ہیں،سیاست ہر ایک کی اپنی اپنی ہے،ملک پر کوئی مشکل ہو تو ہم سب ایک ہوں۔
خیبرپختونخوا میں کئی سال سے پی ٹی آئی کی حکومت ہے،عوام کو بتائیں کارکردگی کیا ہے، تعلیم،صحت، انفراسٹرکچر کے لیے کیا کیا ہے ؟عوام کے مسائل کے حل کے لیے کتنے لانگ مارچ کیے۔وفاقی وزیر امیر مقام نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کی لوٹ مار سب کے سامنے ہے،حکومت کی کرپشن کی کئی کہانیاں ہیں،بس یہ ایک ہی بات لے کر بیٹھے ہیں بانی کو رہا کرو،کئی رہنمائوں کا پتا ہے وہ دھرنوں میں آتے ،کئی گرفتار افراد کے ورثا ہمارے پاس آئے کہ ان کے بچوں کو رہا کروائیں۔
امیر مقام نے کہا کہ عوام ان کی کارکردگی دیکھیں،ان سے پوچھیں کہ وزیراعلی کیا کر رہا ،وزیراعلی کی کال پر پنجاب، سندھ میں کتنے لوگ نکلے وہ سب کے سامنے ہے،عوام نے اس فتنے کو مسترد کر دیا،خیبرپختونخوا پولیس اور فورسز اور عوام دہشتگردی کے خلاف جانوں کی قربانیاں دے رہے ہیں،صوبے کا دوسرے صوبوں کے ساتھ موازنہ کریں تو ان کی کارکردگی کچھ بھی نہیں۔وزیر امور کشمیر نے کہا کہ بار بار کہتے ہیں عوام ان کے آلہ کار نہ بنیں،یہ اپنے مفادات کے لیے آپ کو استعمال کرتے ہیں مشکل آتی ہے تو پیچھے ہٹ جاتی ہے،خیبرپختونخوا کے راستے پی ٹی آئی کی وجہ سے بند ہیں،باقی سب راستے تو کھلے ہوئے ہیں،پی ٹی آئی رہنمائوں کے بیانات عوام کے سامنے ہیں،پی ٹی آئی یہ ذہن سے نکال دے کہ انہیں اسلام آباد آنے دیا جائے گا۔
پاکستان مسلم لیگ (ن )کے رہنما زاہد خان نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت میں صورتحال گھمبیر ہے، کرپشن عروج پر ہے،صوبہ مسائل کا گڑھ بن چکا ہے ،ہم صوبے کے عوام اور مسائل کی بات کر رہے ہیں۔پی ایم ایل (ن) کی رہنما ثمر ہارون بلور نے کہا کہ جتنی قربانیاں پولیس نے دی ہیں وہ سب کے سامنے ہیں،پی ٹی آئی کے رہنما مارچ ،تحریک چلانے اور ٹک ٹاکس بنانے پر لگے ہوئے ہیں،یہ صوبے میں چودہ سال سے اقتدار میں ہیں۔
وفاقی وزیر امیر مقام نےایک سوال کے جواب میں کہاکہ ان کی یہ مارچ کی کال مس کال ثابت ہو گی،یہ مارچ ٹھس ہو جائے گا،یہ ان کا آخری مارچ ہو گا اس کے بعد کوئی نہیں نکلے گا،گورنر راج کی خواہش پی ٹی آئی کی ضرور ہو گی وہ سیاسی شہید بننا چاہتے ہیں،ہمارا ایسا کوئی پلان نہیں ہے،گورنر راج کے لیے ایک آئینی طریقہ کار موجود ہے ضرورت پڑنے پر ہوتا ہے۔








