وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ سے انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (آئی ایف سی)کے ڈویژن ڈائریکٹر سائمن اینڈریوز نے جمعے کو یہاں ملاقات کی جس دوران پاکستان میں نجی شعبے کی سرمایہ کاری اور ترقیاتی تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر عالمی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر بولورما امگابازاربھی موجود تھیں ۔
وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ سے آئی ایف سی کے ڈویژن ڈائریکٹر کی ملاقات ، نجی شعبے کی سرمایہ کاری اور ترقیاتی تعاون بارے تبادلہ خیال

مزید خبریں
اسلام آباد۔25ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ سے انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (آئی ایف سی)کے ڈویژن ڈائریکٹر سائمن اینڈریوز نے جمعے کو یہاں ملاقات کی جس دوران پاکستان میں نجی شعبے کی سرمایہ کاری اور ترقیاتی تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر عالمی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر بولورما امگابازاربھی موجود تھیں ۔احد چیمہ نے گزشتہ 4 برس کے دوران پاکستان میں آئی ایف سی کے بڑھتے کردار اور ملک کے لیے عالمی بینک گروپ کے کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک (سی پی ایف) کے تحت آئندہ 10 برس کے دوران ہر سال 2 ارب تک امریکی ڈالر کے وسائل متحرک کرنے کے عزم کو سراہا ۔
احد چیمہ نے کہا کہ اس تعاون میں پاکستان کی ترجیحات میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (ایس ایم ایز)، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ منصوبے اور ہائوسنگ فنانس سمیت دیگر شعبے شامل ہیں۔ملاقات میں پاکستان کی معیشت میں ایس ایم ایز کے کردار پر بھی گفتگو ہوئی۔ سائمن اینڈریوز نے اس شعبے میں آئی ایف سی کی دلچسپی کا اظہار کیا جس کا وفاقی وزیر نے خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایم ایز معاشی ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔وفاقی وزیر نے بین الاقوامی ترقیاتی شراکت داروں کے تعاون سے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ منصوبوں کو آگے بڑھانے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کو مضبوط بنانے کے اقدامات سے آگاہ کیا جن میں اسے نجکاری ڈویژن کے ماتحت کرنا اور اس کے کردار کو وسعت دینے کے لیے نئی قانون سازی کی تیاری شامل ہے۔ مجوزہ نظام کے تحت پی تھری اے وزارتوں کو منصوبے تیار اور فروغ دینے، مالی وسائل متحرک کرنے اور اتھارٹی کے ذریعے شروع کیے جانے والے منصوبوں کی نگرانی و ضابطہ کاری میں معاونت فراہم کرے گی۔ آئی ایف سی اور عالمی بینک کے نمائندوں نے پی پی پی کے نظام کو مضبوط بنانے کے حکومتی اقدام کو سراہا۔ہائوسنگ فنانس کے حوالے سے سینیٹر احد چیمہ نے کہا کہ حکومت لوگوں کو اپنے گھر تعمیر کرنے اور رہائشی سہولیات تک بہتر رسائی فراہم کرنے کے لیے کام کر رہی ہے،حکومت ہائوسنگ فنانس کے ادارہ جاتی نظام کو مضبوط بنانے کے طریقوں پر بھی غور کر رہی ہے۔
وفاقی وزیر نے آئی ایف سی کو دعوت دی کہ وہ ہائوسنگ فنانس کے دائرہ کار کو وسعت دینے کی کوششوں میں معاونت کرے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو گھر بنانے کے لیے مالی سہولت میسر آ سکے۔وزیر اقتصادی امور نے تکنیکی معاونت اور مالی وسائل کی فراہمی کے ذریعے پاکستان کے لیے آئی ایف سی کی حمایت اور ملک کی ترقی میں عالمی بینک گروپ کے وسیع تر کردار کو سراہا۔آئی ایف سی اور عالمی بینک کے نمائندوں نے ایس ایم ایز، پی پی پی منصوبوں اور ہائوسنگ فنانس سمیت دیگر شعبوں میں حکومت کی ترجیحات کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے قابلِ عمل منصوبوں پر حکومتِ پاکستان کے ساتھ کام کرنے، اور معیاری منصوبوں کی معاونت کے لیے تکنیکی مشاورت اور مالی وسائل فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔








