ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے طلبہ کو غیر ملکی جامعات کے ساتھ تعاون کے تحت پاکستان میں پیش کیے جانے والے تعلیمی پروگراموں میں داخلے یا فیس کی ادائیگی سے قبل متعلقہ ادارے اور پروگرام کی ایچ ای سی سے منظوری کی تصدیق کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
ایچ ای سی کا غیر ملکی جامعات کے ساتھ تعاون کے تحت پاکستان میں پیش کیے جانے والے تعلیمی پروگراموں میں داخلے یا فیس کی ادائیگی سے قبل متعلقہ ادارے اور پروگرام کی ایچ ای سی سے منظوری کی تصدیق کرنے کا مشورہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔25ستمبر (اے پی پی):ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے طلبہ کو غیر ملکی جامعات کے ساتھ تعاون کے تحت پاکستان میں پیش کیے جانے والے تعلیمی پروگراموں میں داخلے یا فیس کی ادائیگی سے قبل متعلقہ ادارے اور پروگرام کی ایچ ای سی سے منظوری کی تصدیق کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ ایچ ای سی کی جانب سے جاری عوامی آگاہی پیغام کے مطابق ٹرانس نیشنل ایجوکیشن پالیسی کے تحت کوئی بھی غیر ملکی جامعہ پاکستان میں ڈگری پروگرام صرف ایسے مقامی شراکت دار ادارے کے ذریعے پیش کر سکتی ہے جسے ایچ ای سی نے متعلقہ تعاون کے لیے باضابطہ طور پر منظور کیا ہو۔
ایچ ای سی نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ داخلہ لینے یا کسی بھی قسم کی ادائیگی کرنے سے قبل یہ تصدیق کریں کہ متعلقہ مقامی شراکت دار ادارہ ایچ ای سی کی سرکاری ویب سائٹ پر تسلیم شدہ ٹرانس نیشنل اور غیر ملکی تعاون کے اداروں کی فہرست میں شامل ہے۔ کمیشن کے مطابق ایچ ای سی کی جانب سے تسلیم شدگی میں غیر ملکی ڈگری دینے والا ادارہ، پاکستان میں پروگرام پیش کرنے والا شراکت دار ادارہ، منظور شدہ مخصوص ڈگری پروگرام اور پروگرام کی تدریس کے لیے مقررہ مقام یا کیمپس شامل ہیں۔
ایچ ای سی نے واضح کیا کہ صرف کسی غیر ملکی جامعہ کا تسلیم شدہ ہونا اس کی پاکستان میں ہر مقامی شراکت داری یا تدریسی مقام کو ازخود منظور شدہ قرار نہیں دیتا، ایسے پروگرام جو غیر منظور شدہ شراکت دار، غیر منظور شدہ ڈگری یا غیر مقررہ مقام پر چلائے جا رہے ہوں، انہیں ایچ ای سی تسلیم یا مساوی قرار نہیں دے گا۔ کمیشن نے طلبہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ ٹرانس نیشنل تعلیمی اداروں اور پروگراموں کی سرکاری حیثیت کی تصدیق کے لیے ایچ ای سی کی ویب سائٹ سے رجوع کریں۔








