وفاقی وزیر بحری امور کی خوردنی تیل کے صنعتکاروں کو پورٹ قاسم میں صنعتی سٹی قائم کرنے کی پیشکش

وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے خوردنی تیل کے صنعتکاروں کو پورٹ قاسم اتھارٹی کے اشتراک سے بندرگاہ پر خوردنی تیل کا صنعتی سٹی قائم کرنے کی پیشکش کردی۔ وزارت سے جاری پریس ریلیز کے مطابق جمعہ کو پاکستان وناسپتی مینوفیکچرنگ ایسوسی ایشن (پی وی ایم اے) ہائوس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت مجوزہ صنعتی زون کے قیام میں …

اسلام آباد۔25ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے خوردنی تیل کے صنعتکاروں کو پورٹ قاسم اتھارٹی کے اشتراک سے بندرگاہ پر خوردنی تیل کا صنعتی سٹی قائم کرنے کی پیشکش کردی۔ وزارت سے جاری پریس ریلیز کے مطابق جمعہ کو پاکستان وناسپتی مینوفیکچرنگ ایسوسی ایشن (پی وی ایم اے) ہائوس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت مجوزہ صنعتی زون کے قیام میں صنعت کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی اور پورٹ قاسم پر ضروری بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ خوردنی تیل کی صنعت ملکی محصولات میں اہم حصہ ڈال رہی ہے اور اس شعبے سے درآمدات کی مد میں کسٹمز ڈیوٹی اور سیلز ٹیکس کی صورت میں خاطر خواہ ریونیو حاصل ہوتا ہے۔وفاقی وزیر بحری امورنے کہا کہ حکومت پورٹ قاسم پر صنعتی اور تجارتی زونز قائم کر رہی ہے تاکہ سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے ساتھ مینوفیکچرنگ اور برآمدات میں اضافہ کیاجاسکے۔انہوں نے بتایا کہ پورٹ قاسم پر 150 ایکڑ رقبے پر آٹو موٹیو پراسیسنگ زون قائم کیا جائے گا جسے مارکیٹ کی طلب کے مطابق مرحلہ وار وسعت دی جاسکے گی جبکہ 250 ایکڑ پر ملبوسات کا زون بھی قائم کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ملبوسات زون کے پہلے مرحلے سے ایک لاکھ 38 ہزار سے زائد روزگار کے مواقع پیدا ہونے اور سالانہ تقریباً 2.2 ارب ڈالر کی برآمدات متوقع ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پورٹ قاسم میں زمین سے متعلق مسائل حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور قابل عمل کاروباری منصوبے پیش کرنے والے سرمایہ کاروں کو زمین الاٹ کی جائے گی۔ پورٹ قاسم میں پانی کی قلت کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سمندری پانی کو صاف کرکے بندرگاہ پر دوبارہ قابل استعمال بنانے کے لئے صنعتکاروں کے ساتھ بزنس ماڈل بنا کر واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ نصب کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے پی وی ایم اے کو مجوزہ منصوبے میں شریک ہونے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ ایسوسی ایشن پورٹ قاسم کے ساتھ مل کر صنعت کی پانی کی ضروریات پوری کرنے کے لئے نظام قائم اور چلانے میں کردار ادا کرسکتی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت پورٹ قاسم پر سہولیات اور صنعتی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے نجی شعبے کی شمولیت بڑھانے کی خواہاں ہے۔

مزید خبریں