وزیراعظم پٹرول ریلیف سکیم: 47 لاکھ مستحق افراد کو رعایتی پٹرول فراہم، 58 لاکھ سے زائد رجسٹریشن، انٹرنیٹ مسائل والے پمپس پر ایس ایم ایس ایکٹیویشن کر دی ہے، شزا فاطمہ، بلال اظہر کیانی
وزیراعظم پٹرول ریلیف سکیم: 47 لاکھ مستحق افراد کو رعایتی پٹرول فراہم، 58 لاکھ سے زائد رجسٹریشن، انٹرنیٹ مسائل والے پمپس پر ایس ایم ایس ایکٹیویشن کر دی ہے، شزا فاطمہ، بلال اظہر کیانی

مزید خبریں
اسلام آباد۔25ستمبر (اے پی پی):وفاقی حکومت نے وزیراعظم پٹرول ریلیف سکیم کے تازہ ترین اعدادوشمار جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اب تک ملک بھر میں 58 لاکھ سے زائد افراد کی رجسٹریشن مکمل ہو چکی ہے جبکہ 61 لاکھ ٹوکنز کے اجراء کے بعد 47 لاکھ مستحق افراد پٹرول پمپس سے رعایتی پٹرول حاصل کر چکے ہیں۔ حکومت نے عوامی فیڈ بیک پر موٹر سائیکل سواروں کے لیے ایک وقت میں 5 لیٹر پٹرول ڈلوانے کی شرط ختم کر دی ہے جبکہ اوگرا کی نشاندہی پر انٹرنیٹ کی عدم دستیابی یا تکنیکی دقت کا سامنا کرنے والے پٹرول پمپس پر کل سے متبادل ایس ایم ایس بیسڈ ویریفکیشن کا باضابطہ نفاذ کر دیا گیا ہے۔یہ بات وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ اور وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے جمعہ کو اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتائی۔
وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ خطے میں کشیدگی اور عالمی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات سے کمزور طبقات کو بچانے کے لیے وزیراعظم کی خصوصی فیول ریلیف سکیم چاروں صوبوں، اسلام آباد، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں کامیابی سے جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 8 روز کے دوران 47 لاکھ افراد اس سکیم سے مستفید ہو چکے ہیں جس کی لائیو جی آئی ایس اور ڈیش بورڈ کے ذریعے باقاعدہ مانیٹرنگ کی جا رہی ہے جبکہ وزیراعظم ہر چار گھنٹے بعد خود رپورٹ لے رہے ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ عوامی آسانی کے پیش نظر موٹر سائیکل، رکشہ اور چنگ چی کے لیے اپنی ملکیت کی شرط ختم کر دی گئی ہے، اگر صارف اپنے رجسٹرڈ شناختی کارڈ اور زیر استعمال سواری کے ایکسائز رجسٹریشن نمبر کے ساتھ ون ٹائم رجسٹریشن کر لے تو وہ ہفتہ وار 500 روپے کا ٹوکن حاصل کر سکتا ہے۔ علاوہ ازیں 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کے لیے ہر 10 دن بعد 10 لیٹر پر 100 روپے فی لیٹر رعایت دی جا رہی ہے۔
گاڑیوں و موٹر سائیکلوں کی مدت کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ ڈیٹا کے غلط استعمال کو روکنے کے لیے رجسٹریشن کی حد 15 سال سے بڑھا کر 20 سال تک کے ماڈلز تک وسیع کر دی گئی ہے۔ انٹرنیٹ مسائل والے پمپس کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اوگرا کی فہرست کے مطابق تمام ایسے پمپس پر ایس ایم ایس ایکٹیویشن فراہم کر دی گئی ہے تاکہ سپلائی میں رکاوٹ نہ آئے۔اس موقع پر وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا کہ یہ سکیم موٹر سائیکل، رکشہ، چنگ چی اور لوڈر چلانے والے محنت کشوں، طلبہ اور ملازمت پیشہ افراد کے لیے عملاً ’’ہر ہفتے 500 روپے کا مفت پٹرول‘‘ اور ماہانہ 2 ہزار روپے کا براہ راست ریلیف ہے۔
انہوں نے کہا کہ فیلڈ دوروں کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ شہری صرف اپنا اصل شناختی کارڈ اور گاڑی کا رجسٹریشن کارڈ لے کر پٹرول پمپ پہنچ جائیں تو عملہ اور رضاکار موقع پر ہی چند منٹوں میں تصدیق اور ٹوکن کا عمل مکمل کر دیتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پٹرولیم لیوی میں چند روپے کی عمومی کمی کے بجائے مخصوص کم آمدنی والے طبقے کو 100 روپے فی لیٹر تک کا ٹارگٹڈ ریلیف فراہم کیا گیا ہے جو کہ فیول پر عائد تمام ٹیکسوں کے خاتمے کے برابر بنتا ہے۔








