مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے وزرائے خارجہ کی اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے موقع پر ملاقات، معاہدے کے تحت جنرل سیکرٹریٹ، کمیٹیوں اور ورکنگ گروپس کے قیام کی جانب پیش رفت کا جائزہ
مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے وزرائے خارجہ کی اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے موقع پر ملاقات، معاہدے کے تحت جنرل سیکرٹریٹ، کمیٹیوں اور ورکنگ گروپس کے قیام کی جانب پیش رفت کا جائزہ

مزید خبریں
نیویارک ۔25ستمبر (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ اور جمہوریہ ترکیہ کے وزیر خارجہ حاقان فیدان نے گزشتہ روز نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے موقع پر مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے (ایم جے ڈی اے) کے فریم ورک کے تحت ملاقات کی۔ ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران وزراء نے معاہدے کے تحت جنرل سیکرٹریٹ، کمیٹیوں اور ورکنگ گروپس کے قیام کی جانب پیش رفت نیز ان کے کام کے آغاز کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔
وزراء نے مقدس شہر مکہ اور مملکت سعودی عرب میں شہری و اقتصادی تنصیبات کو نشانہ بنانے کیلئے گھنائونے حملوں کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے سعودی مسلح افواج کی مستعدی اور مملکت کی سکیورٹی کے تحفظ کی صلاحیت کو سراہا۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے مطابق مملکت کے اپنی سلامتی کے دفاع کے لیے مناسب سمجھے جانے والے اقدامات کرنے کے حق کا اعادہ کیا۔وزراء نے تینوں ممالک کے چیفس آف سٹاف کے فوری اجلاس بلانے کے منصوبوں پر بھی گفتگو کی تاکہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت مملکت کی معاونت کے طریقوں کا جائزہ لیا جا سکے جس میں کہا گیا ہے کہ کسی ایک فریق پر حملہ تمام فریقین پر حملہ تصور کیا جائے گا۔
وزراء نے خطے کی موجودہ صورتحال پر مزید گفتگو کی اور بین الاقوامی قانون کے اصولوں، اچھی ہمسائیگی، ریاستوں کی خودمختاری کے باہمی احترام، ان کے داخلی امور میں عدم مداخلت اور جہازرانی کی سلامتی و آزادی کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے خطے میں پائیدار امن و استحکام کے حصول کے لیے مل کر کام کرنے، کشیدگی میں کمی کی کوششوں کی حمایت اور بحرانوں کے پرامن حل کی حوصلہ افزائی کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔








