آئی جی اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری نے سینئر پولیس افسران اور برانچ انچارجز سے ملاقات کی اور شہری سہولت اور پبلک سروس ڈیلیوری بہتر بنانے پر زور دیا
آئی جی اسلام آباد کی سینئر پولیس افسران اور برانچ انچارجز سے ملاقات، شہری سہولت اور پبلک سروس ڈیلیوری بہتر بنانے پر زور

مزید خبریں
اسلام آباد۔25ستمبر (اے پی پی):آئی جی اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری نے سینئر پولیس افسران اور برانچ انچارجز سے ملاقات کی اور شہری سہولت اور پبلک سروس ڈیلیوری بہتر بنانے پر زور دیا۔پولیس ترجمان کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس میں اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز محمد جواد طارق اور اسلام آباد پولیس کے سینئر افسران و برانچ انچارجز نے شرکت کی۔اجلاس میں وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کی صورتحال، شہریوں کی سہولت کے لیے کیے جانے والے اقدامات اور پبلک سروس ڈیلیوری کو مزید موثر بنانے کے مختلف انیشییٹوز کا جائزہ لیا گیا۔ آئی جی اسلام آباد نے افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کی آسانی اور سہولت کو اولین ترجیح دیتے ہوئے عملی اقدامات کو مزید تیز کیا جائے اور پولیس سروسز کی فراہمی میں غیر ضروری تاخیر کو ہر صورت ختم کیا جائے۔کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کا بنیادی مقصد شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور انہیں بروقت، موثر اور باعزت پولیس سروسز فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر سنا جائے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے واضح اور موثر طریقہ کار اپنایا جائے۔آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ دن رات شہریوں کی حفاظت کے لیے تعینات پولیس افسران براہ راست میرے دفتر تشریف لا سکتے ہیں، اللہ کے بندوں کے لیے آسانیاں پیدا کریں، خدمت کو اپنا شعار بنائیں، یہی ہماری وردی کا تقاضا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حاضر سروس یا ریٹائرڈ پولیس افسران روزانہ صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک ان کے دفتر تشریف لا سکتے ہیں اور اپنے مسائل و امور کے حوالے سے براہ راست ملاقات کر سکتے ہیں۔آئی جی اسلام آباد نے برانچ انچارجز کو بھی ہدایت کی کہ محکمانہ امور کو بروقت نمٹایا جائے، افسران و اہلکاروں کے مسائل پر خصوصی توجہ دی جائے اور تمام معاملات میں شفافیت، میرٹ اور ذمہ داری کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ پولیس افسران اور اہلکار عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیں اور شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی، احترام اور پیشہ ورانہ رویہ اپنائیں، شہریوں کے لیے آسانیاں پیدا کرنا اور انہیں موثر پولیس سروسز فراہم کرنا اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔








