کافی کی تجارت اور دوطرفہ اقتصادی تعلقات کے فروغ کے لیے افریقہ ہائوس پاکستان اور این اے ای بی روانڈا کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

افریقہ ہائوس پاکستان اور جمہوریہ روانڈا کے نیشنل ایگریکلچرل ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ بورڈ (این اے ای بی)نے مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو )پر دستخط کیے ہیں جس کا مقصد روانڈا اور پاکستان کے درمیان کافی کلچر، تعلیم، تکنیکی مہارت اور دوطرفہ تجارت کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کا فروغ ہے

اسلام آباد۔25ستمبر (اے پی پی):افریقہ ہائوس پاکستان اور جمہوریہ روانڈا کے نیشنل ایگریکلچرل ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ بورڈ (این اے ای بی)نے مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو )پر دستخط کیے ہیں جس کا مقصد روانڈا اور پاکستان کے درمیان کافی کلچر، تعلیم، تکنیکی مہارت اور دوطرفہ تجارت کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کا فروغ ہے۔ افریقہ ہائوس پاکستان کی جانب سے یہاں جاری اعلامیہ کے مطابق این اے ای بی ہیڈ کوارٹر کیگالی میں طے پانے والا معاہدہ ’’افریقہ ہائوس پاکستان‘‘ کے لیے ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے کیونکہ یہ افریقہ ہائوس پاکستان کا کسی غیر ملکی ریاست کے سرکاری ادارے کے درمیان اپنی نوعیت کا پہلا معاہدہ ہے۔مفاہمت کی یادداشت پر این اے ای بی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کلاڈ بیزیمانا اور افریقہ ہائوس پاکستان کے بانی و چیئرمین محمد ریحان یونس نے دستخط کیے۔اس شراکت داری کا مقصد روانڈا کے معروف کافی کے شعبے اور پاکستان میں کافی کے بڑھتے ہوئے کلچر اور صارفین کی مارکیٹ کے درمیان مضبوط روابط قائم کرنا ہے۔

یہ معاہدہ پاکستان میں روانڈا کی کافی کے ورثے اور کلچر کو فروغ دینے میں تعاون کے لیے ایک لائحہ عمل فراہم کرے گا اور ساتھ ہی معلومات کے تبادلے اور کافی کی پیداوار و استعمال کے بارے میں بہتر فہم و ادراک کے مواقع بھی پیدا کر ے گا۔ ایم او یو کے تحت فریقین کافی سے متعلق تعلیم و آگاہی، تربیت اور معلومات کے تبادلے میں تعاون کے امکانات کا جائزہ لیں گے جس میں کافی کی ویلیو چین (پیداوار سے لے کر کھپت تک کے مراحل) میں مہارت اور صلاحیتوں کو بڑھانے پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے گی۔ مفاہمت کی یادداشت کافی کی خریداری ، روسٹنگ اور کوالٹی مینجمنٹ جیسے شعبوں میں تکنیکی معلومات کے تبادلے کے لیے ایک پلیٹ فارم بھی فراہم کر ے گی۔ توقع ہے کہ اس طرح کا تعاون دونوں ممالک میں صنعت کے پیشہ ور افراد، پیداوار کنندگان، تاجروں اور دیگر متعلقہ فریقین کے درمیان روابط کو مزید وسعت دینے میں معاون ثابت ہوگا۔اس شراکت داری کا ایک اور اہم پہلو روانڈا کے کافی پیدا کرنے والوں اور پاکستانی خریداروں کے درمیان براہ راست اور پائیدار تجارتی روابط کا قیام ہے۔

ایم او یو کے تحت پیداوار کنندگان اور منڈیوں کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنا کرتجارتی سرگرمیوں کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ پائیدار تجارت پر بھی توجہ مرکوز کی جائے گی۔ واضح رہے کہ کیگالی میں ہونے والی دستخط کی تقریب پاکستان اور روانڈا کے درمیان تعاون کے روایتی شعبوں سے ہٹ کر اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو وسعت دینے میں بڑھتی ہوئی دلچسپی کی عکاسی کرتی ہے۔افریقہ ہائوس پاکستان کے لیے یہ معاہدہ پاکستان اور افریقی ممالک کے درمیان ادارہ جاتی اور کاروباری روابط استوار کرنے کی کوششوں میں ایک اور اہم پیش رفت ہے۔ افریقہ ہائوس پاکستان کے بانی اور چیئرمین محمد ریحان یونس نے اس حوالہ سے کہا ہے کہ یہ شراکت داری پاکستان اور افریقی براعظم کے درمیان بامعنی رابطوں کے فروغ کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ مفاہمت نامہ سے پیشہ ور افراد، کاروباری اداروں، ماہرین تعلیم اور دیگر سٹیک ہولڈرز پر مشتمل مستقبل کی مصروفیات کے لیے ایک بنیاد فراہم کرنے کی بھی توقع ہے جو ممکنہ طور پر پاکستان میں روانڈا کافی کے بارے میں زیادہ سے زیادہ آگاہی اور دو طرفہ تجارت کے مواقع بڑھانے میں معاون ثابت ہوگی۔

ریحان یونس نے کہا کہ یہ معاہدہ اس وقت ہوا ہے جب دونوں فریق اقتصادی تعلقات کووسعت دینے اور تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں، کافی ،روانڈا اور پاکستان میں کاروبار اور صارفین کو جوڑنے کے لیے بھی اہم کردار ادا کرے گی۔

 

مزید خبریں