آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیرِ اہتمام تین روزہ ’’پاکستان میوزک فیسٹیول 2026‘‘ کا شاندار آغاز جون ایلیا ءلان میں کردیاگیا۔
آرٹس کونسل میں تین روزہ ’’پاکستان میوزک فیسٹیول 2026‘‘ کا شاندار آغاز

مزید خبریں
کراچی۔ 25 ستمبر (اے پی پی):آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیرِ اہتمام تین روزہ ’’پاکستان میوزک فیسٹیول 2026‘‘ کا شاندار آغاز جون ایلیا ءلان میں کردیاگیا۔ صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے فیسٹیول میں تمام مہمانوں کا استقبال کیا جبکہ میوزک فیسٹیول میں پاکستان آئیڈل کے پلیٹ فارم سے سامنے آنے والے معروف گلوکاروں سمیت ملک کے نامور فنکاروں نے اپنی شاندار پرفارمنسز پیش کرکے حاضرین سے بھرپور داد وصول کی۔ پاکستان میوزک فیسٹیول کے پہلے روز معروف گلوکار غلام عباس خان، محمود علی خان، راشد علی حیدری، اخلاق بشیر، نعمان خان، انتظار حسین، ممتاز سبزل، کامران سگو، عمران ناشاد، شہباز علی، حرا قیصر، کاشیہ کیف، نائلہ سلیم، سونیا خان اورایشا ادیوال نے اپنے فن کا شاندار مظاہرہ کیا۔ فیسٹیول کی نظامت کے فرائض نعمان خان نے انجام دیے۔ اس موقع پر صدر آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی محمد احمد شاہ نے کہا کہ موسیقی ہماری ثقافتی شناخت اور قومی ورثے کا اہم حصہ ہے۔ پاکستان میوزک فیسٹیول کا بنیادی مقصد موسیقی کے شعبے میں نئے اور باصلاحیت فنکاروں کو ایک مؤثر پلیٹ اور انہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ پاکستان میں بے شمار باصلاحیت نوجوان موجود ہیں، ضرورت صرف اس امر کی ہے کہ انہیں آگے بڑھنے کے لیے مناسب مواقع اور حوصلہ افزائی فراہم کی جائے۔ پاکستان میوزک فیسٹیول میں گلوکاروں نے کلاسیکل، فوک اور مختلف اصنافِ موسیقی کے سُریلے گیت پیش کرکے فیسٹیول کو چار چاند لگا دیے۔ تین روزہ پاکستان میوزک فیسٹیول27 ستمبر تک آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں جاری رہے گا۔








