سینیٹر محمد اسحاق ڈار کاترقی پذیر ممالک میں تکنیکی و صنعتی استعداد میں اضافے کی ضرورت پر زور

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ترقی پذیر ممالک میں وبائی امراض سے نمٹنے کی صلاحیت بڑھانے کے لیے قابل پیش گوئی مالی معاونت، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور سائنسی، تکنیکی و صنعتی استعداد میں اضافے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ مستقبل میں وبائی امراض سے موثر انداز میں نمٹنے کے لیے ویکسین اور ضروری طبی سہولیات تک مساوی رسائی، وبائی امراض سے …

نیویارک ۔25ستمبر (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ترقی پذیر ممالک میں وبائی امراض سے نمٹنے کی صلاحیت بڑھانے کے لیے قابل پیش گوئی مالی معاونت، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور سائنسی، تکنیکی و صنعتی استعداد میں اضافے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ مستقبل میں وبائی امراض سے موثر انداز میں نمٹنے کے لیے ویکسین اور ضروری طبی سہولیات تک مساوی رسائی، وبائی امراض سے متعلق معلومات کی بروقت فراہمی اور عالمی تعاون ناگزیر ہے۔دفتر خارجہ کی سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ’’ایکس‘‘ پر پوسٹ کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر ’’وبائی امراض کی روک تھام، تیاری اور ردعمل‘‘ کے موضوع پر اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار نے کووڈ 19 کی وبا کے دوران پاکستان کی حکومت اور عوام کی مشترکہ حکمت عملی کو اجاگر کیا جس میں اسمارٹ لاک ڈائون، ٹیسٹنگ، متاثرہ افراد سے رابطے میں آنے والوں کا سراغ لگانے، سماجی تحفظ اور مختلف شعبوں پر مشتمل ’’ون ہیلتھ‘‘ طریقہ کار کو اپنانا شامل تھا۔نائب وزیراعظم نے عالمی ادارہ صحت کے وبائی امراض سے متعلق معاہدے کی منظوری کا خیرمقدم کیا اور ترقی پذیر ممالک میں وبائی امراض سے نمٹنے کے لیے مالی وسائل کی فراہمی، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور سائنسی، تکنیکی و پیداواری صلاحیتوں میں اضافے کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے مستقبل میں وبائی امراض سے نمٹنے کے لیے ویکسین اور ضروری طبی اقدامات تک منصفانہ رسائی، وبائی امراض سے متعلق ڈیٹا کی بروقت فراہمی اور عالمی ادارہ صحت کی قیادت میں مضبوط، جامع اور کثیرالجہتی عالمی ردعمل کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

مزید خبریں