وزارت اطلاعات و نشریات نے افغان وزارت دفاع کا اسپن بولدک کے قریب پاکستانی چوکی تباہ کرنے کا دعویٰ مسترد کر دیا

وزارت اطلاعات و نشریات نے افغانستان کی وزارت دفاع کی جانب سے اسپین بولدک کے قریب پاکستانی چوکی کو تباہ کرنے اور افغان فورسز کو کوئی جانی نقصان نہ ہونے اور پاکستان کے موقف کو پروپیگنڈا قرار دینے کے حسب معمول جھوٹے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے

اسلام آباد۔25ستمبر (اے پی پی):وزارت اطلاعات و نشریات نے افغانستان کی وزارت دفاع کی جانب سے اسپین بولدک کے قریب پاکستانی چوکی کو تباہ کرنے اور افغان فورسز کو کوئی جانی نقصان نہ ہونے اور پاکستان کے موقف کو پروپیگنڈا قرار دینے کے حسب معمول جھوٹے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغان وزارت دفاع کا دعویٰ بالکل غلط اور من گھڑت ہے۔ فیکٹ چیکر وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے جمعہ کو سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ”ایکس“ پر کی گئی پوسٹ میں اصل حقائق پیش کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ 24 اور 25 ستمبر کی درمیانی شب گلستان سیکٹر میں افغان جارحیت کی کوشش ناکام بنائی گئی۔ طالبان چوکیوں پر کی گئی شدید جوابی کارروائی کے نتیجے میں کم از کم 13 افغان طالبان اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔ فیکٹ چیکر وزارت اطلاعات و نشریات نے اپنی پوسٹ میں واقعہ کی کچھ ویڈیوز اور تصاویر بھی شیئر کیں جنہیں پہلے ہی ذرائع ابلاغ نے وسیع پیمانے پر نشر اور سوشل میڈیا پر شیئر کیا گیا ہے۔ یہ مواد سرحد پر ہونے والی جھڑپ اور بزدلانہ حملے کے بعد افغان طالبان کے خلاف کی گئی جوابی کارروائی اور انہیں پہنچنے والے نقصان کا بصری ثبوت فراہم کرتا ہے۔ وزارت اطلاعات نے کہا کہ افغان وزارت دفاع کی جانب سے اس طرح کا من گھڑت دعویٰ کوئی حیران کن امر نہیں کیونکہ طالبان جھوٹ بولنے کے عادی ہیں اور اخلاقی اور ساکھ کے اعتبار سے ان کی کوئی حیثیت نہیں۔

مزید خبریں