بلاول بھٹو زرداری کا دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بلوچستان میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے

اسلام آباد۔25ستمبر (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بلوچستان میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔جمعہ کو میڈیا سیل بلاول ہائوس سے جاری بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 33 دہشت گردوں کا خاتمہ سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور موثر حکمتِ عملی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے منصوبے بنانے والے عناصر اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی بہادر سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بلوچستان کے امن و استحکام کو سبوتاژ کرنے کی ہر سازش ناکام بنائی جائے گی۔ بلوچستان کے عوام کا امن، ترقی اور خوشحالی پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔