بلاول بھٹو زرداری کی افغانستان کی جانب سے پاکستان میں ڈرون کے ذریعے دراندازی کی شدید مذمت

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے افغانستان کی جانب سے پاکستان میں ڈرون کے ذریعے دراندازی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈرونز حملے پاکستان کی خودمختاری کی سنگین خلاف ورزی ہے

اسلام آباد۔26ستمبر (اے پی پی):پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے افغانستان کی جانب سے پاکستان میں ڈرون کے ذریعے دراندازی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈرونز حملے پاکستان کی خودمختاری کی سنگین خلاف ورزی ہے۔جمعہ کو میڈیا سیل بلاول ہائوس سے جاری بیان میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ڈرون حملے ناکام بنانے پر افواج پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سیکورٹی حکام نے تمام 8 ڈرونز کو اہداف تک پہنچنے سے پہلے ہی مہارت سے ناکام بنایا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان نے جوابی کارروائی میں افغانستان میں ڈرون لانچ اور ذخیرہ کرنے والے 10 مقامات کو نشانہ بناکر بزدلانہ حملے کا کاری جواب دیا۔انہوں نے کہا کہ افغان حکام جواب دیں کہ ان کی سرزمین سے پاکستان پر حملے کیوں اور کیسے ہوئے۔ افغان حکومت کی ذمہ داری صرف حملوں سے لاتعلقی ظاہر کرنا نہیں بلکہ ان حملوں کو روکنا اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی بھی کرنا ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پائیدار امن کے لیے ضروری ہے کہ افغانستان سے پاکستان کے خلاف مسلح کارروائیوں کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔

مزید خبریں