کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر و پاکستان کے کنوینر غلام محمد صفی اور جملہ حریت قیادت نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس سے وزیراعظم محمد شہباز شریف کے خطاب کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے عالمی برادری کے سامنے مسئلہ کشمیر، کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کا وزیراعظم محمد شہباز شریف کے اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کا خیرمقدم

مزید خبریں
اسلام آباد۔26ستمبر (اے پی پی):کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر و پاکستان کے کنوینر غلام محمد صفی اور جملہ حریت قیادت نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس سے وزیراعظم محمد شہباز شریف کے خطاب کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے عالمی برادری کے سامنے مسئلہ کشمیر، کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا۔ اسلام آباد سے جاری مشترکہ بیان میں حریت قیادت نے کہا کہ وزیراعظم محمدشہباز شریف نے اپنے خطاب میں واضح کیا کہ کشمیری عوام آٹھ دہائیوں سے اقوام متحدہ کی جانب سے آزاد اور غیر جانب دار استصوابِ رائے کے اپنے وعدے کی تکمیل کے منتظر ہیں۔
انہوں نے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں غیر قانونی قبضے، من مانے حراستی اقدامات، ماورائے عدالت ہلاکتوں، جبری گمشدگیوں، جنسی تشدد اور اجتماعی سزا سمیت کشمیری عوام کو درپیش مشکلات کا بھی ذکر کیا۔حریت قیادت نے کہا کہ وزیراعظم نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی قانونی حیثیت اور آبادیاتی تشخص کو یکطرفہ اقدامات کے ذریعے تبدیل کرنے کی کوششوں کی جانب بھی عالمی برادری کی توجہ مبذول کرائی اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے لیے پاکستان کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
حریت رہنماؤں نے وزیراعظم کے اس مؤقف کا بھی خیرمقدم کیا کہ جنوبی ایشیا کو دوبارہ جنگ کے دہانے پر جانے سے روکنے کے لیے مسئلہ کشمیر کا منصفانہ اور عادلانہ حل ناگزیر ہے،انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ پائیدار امن کا راستہ مسئلہ جموں و کشمیر کے منصفانہ حل سے ہو کر گزرتا ہے۔غلام محمد صفی اور جملہ حریت رہنماؤں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر موجود دیرینہ تنازعہ ہے اور سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادیں اس کے حل کے لیے اہم بین الاقوامی حوالہ رکھتی ہیں، اقوام متحدہ کو چاہیے کہ وہ اپنی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔
حریت قیادت نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ سمیت عالمی فورمز پر مسلسل اجاگر کرنا کشمیری عوام کی جدوجہد کے لیے سفارتی حمایت کا اہم اظہار ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کا نوٹس لے اور کشمیری عوام کو ان کے بنیادی سیاسی حق، حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔حریت قیادت نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن، استحکام اور ترقی کا راستہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور دیرپا حل سے ہو کر گزرتا ہے۔








