حافظ محمد طاہر محموداشرفی کا وزیراعظم شہباز شریف کے اقوام متحدہ میں خطاب کو خراجِ تحسین، پاکستانی قوم اور عالمِ اسلام کے جذبات کی ترجمانی قرار

پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین اور انٹرنیشنل تعظیم حرمین شریفین کونسل کےسیکرٹری جنرل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس سے خطاب کاخیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم کا خطاب پاکستانی قوم، عالم اسلام، فلسطینی عوام اور حرمین شریفین سے گہری عقیدت رکھنے والے تمام افراد کے جذبات کی ترجمانی کرتا ہے۔

اسلام آباد۔26ستمبر (اے پی پی):پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین اور انٹرنیشنل تعظیم حرمین شریفین کونسل کےسیکرٹری جنرل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس سے خطاب کاخیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم کا خطاب پاکستانی قوم، عالم اسلام، فلسطینی عوام اور حرمین شریفین سے گہری عقیدت رکھنے والے تمام افراد کے جذبات کی ترجمانی کرتا ہے۔

ہفتہ کو اپنے بیان میں حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ وزیراعظم نے عالمی برادری کے سامنے فلسطین، کشمیر اورسعودی عرب کے مقدس مقامات کی سلامتی و تقدس کے حوالے سے پاکستان کے دیرینہ مؤقف کو واضح انداز میں پیش کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام اور کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور حرمین شریفین کی سلامتی، دفاع اور استحکام کو بنیادی اہمیت دیتا ہے۔حافظ محمد طاہر محموداشرفی نے کہا کہ وزیراعظم نے جمعہ کے روزنیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے سعودی عرب کے خلاف حالیہ حوثی حملوں کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہا کہ حرمین شریفین کی سلامتی اور تقدس کو کسی بھی خطرے کوایسی ’’ریڈ لائن‘‘ قرار دیا جسے کبھی عبور نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے سعودی عوام کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی کا بھی اعادہ کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے اصولی مؤقف پر قائم ہے اور عالمی فورمز پر اسے مسلسل اجاگر کرتا رہے گا۔انہوں نے زور دیا کہ کسی بھی خطرے کا ذریعہ یا نوعیت کچھ بھی ہو، پاکستان مملکت سعودی عرب،مکہ المکرمہ اور مدینہ المنورہ کےتقدس یا حرمین شریفین کی سلامتی کے خلاف کسی بھی اقدام کو قبول نہیں کر سکتا۔انہوں نے وزیراعظم کی جانب سے سعودی عرب کے لیے پاکستان کی حمایت کے اعادے کا بھی خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ میں وزیراعظم کے خطاب نے سعودی عرب کی خودمختاری اور سلامتی کے لیے پاکستان کی اہمیت اور وابستگی کو واضح کیا ہے۔

حافظ محمد طاہر محموداشرفی نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے خطاب میں یہ بھی واضح کیا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ جوائنٹ ڈیفنس ایگریمنٹ کسی ملک کے خلاف نہیں بلکہ خطے میں دفاع، استحکام اور امن کے لیے مشترکہ عزم کا اظہار ہے۔حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے پاکستان علماء کونسل اور انٹرنیشنل تعظیم حرمین شریفین کونسل کی جانب سے وزیراعظم محمد شہباز شریف کا عالمی برادری کے سامنے پاکستان کے ان اصولی مؤقف کو پیش کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے خطاب نے حرمین شریفین کے تقدس کے تحفظ اور تنازعات و مشکلات کا سامنا کرنے والی اقوام کے ساتھ یکجہتی کے حوالے سے پاکستان کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے۔حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان، اہل پاکستان، سعودی عرب، حرمین شریفین اور تمام بلادِ اسلامیہ کی حفاظت فرمائے اور عالم اسلام کو امن، سلامتی اور استحکام عطا فرمائے۔