وفاقی وزیر امور کشمیر وگلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کا اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس سے خطاب پاکستان کے مؤقف کی ایک جامع، پُراعتماد اور ذمہ دارانہ ترجمانی ہے، وزیراعظم نے صرف پاکستان ہی نہیں پوری امت مسلمہ کی نمائندگی کی،وزیراعظم کا خطاب پاکستانی قوم، عالم اسلام، فلسطینی عوام اور حرمین شریفین سے گہری عقیدت رکھنے والے تمام افراد …
وزیراعظم کا جنرل اسمبلی سے خطاب پاکستانی قوم، عالم اسلام اور فلسطینی عوام کے جذبات کی ترجمانی ہے، امیر مقام

مزید خبریں
اسلام آباد۔26ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر امور کشمیر وگلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کا اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس سے خطاب پاکستان کے مؤقف کی ایک جامع، پُراعتماد اور ذمہ دارانہ ترجمانی ہے، وزیراعظم نے صرف پاکستان ہی نہیں پوری امت مسلمہ کی نمائندگی کی،وزیراعظم کا خطاب پاکستانی قوم، عالم اسلام، فلسطینی عوام اور حرمین شریفین سے گہری عقیدت رکھنے والے تمام افراد کے جذبات کی ترجمانی کرتا ہے۔
یہاں جاری بیان میں انجینئر امیر مقام نے کہا کہ وزیراعظم صرف پاکستان کے ہی نہیں بلکہ پوری امت مسلمہ کے رہنما ہیں۔انجینئر امیر مقام نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کا مقدمہ مؤثر انداز میں پیش کیا،وزیراعظم نے عالمی برادری کو کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی یاد دہانی کرائی۔انجینئر امیر مقام نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں،اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کے پرامن اور منصفانہ حل کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
انجینئر امیر مقام نے کہا کہ وزیراعظم نے واضح طور پر امن، مکالمے، سفارت کاری اور بین الاقوامی قانون کی پاسداری کو تنازعات کے حل کی بنیاد قرار دیا۔انجینئر امیر مقام نے کہا کہ وزیراعظم نے سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی برادرانہ وابستگی، حرمین شریفین کے تقدس اور خطے میں اجتماعی امن و سلامتی کے عزم کو بھی دوٹوک انداز میں بیان کیا اور کہا کہ عالمی برادری کے سامنے پاکستان کا یہ متوازن اور پُراعتماد مؤقف ہماری خارجہ پالیسی کے بنیادی اصولوں کی بھرپور عکاسی کرتا ہے۔







