این بی ایف کے زیر اہتمام کنول بہزاد کی بچوں کی کتاب ’انجی کی ٹوپی‘ کے اعزاز میں تقریب یکم اکتوبر کو منعقد ہو گی

این بی ایف کے زیر اہتمام کنول بہزاد کی بچوں کی کتاب ’انجی کی ٹوپی‘ کے اعزاز میں تقریب یکم اکتوبر کو منعقد ہو گی

اسلام آباد۔26ستمبر (اے پی پی):نیشنل بک فاؤنڈیشن (این بی ایف) کے زیر اہتمام معروف مصنفہ کنول بہزاد کی بچوں کے لیے مقبول کتاب ’’انجی کی ٹوپی‘‘ کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد جمعرات، یکم اکتوبر کو ہو گا۔ تقریب میں مصنفین، محققین اور ادبی شخصیات شریک ہوں گی اور بچوں کے ادب کے بدلتے ہوئے منظرنامے پر تبادلہ خیال کریں گی۔’’اے پی پی ‘‘سے گفتگو کرتے ہوئے این بی ایف کے ڈائریکٹر ہیڈ کوارٹرز مراد علی مہمند نے بتایا کہ یہ تقریب نیشنل بک فاؤنڈیشن، 45 بک سینٹر، ٹیلی فون ایکسچینج کے قریب، مصطفیٰ ٹاؤن، لاہور میں منعقد کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ تقریب بچوں کے ادب سے وابستہ نمایاں شخصیات کو ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کرے گی جہاں وہ ’’انجی کی ٹوپی‘‘ بچوں کے لیے معیاری ادب کی اہمیت، عصری ادبی رجحانات اور نوجوان نسل میں مطالعے کی عادت کو فروغ دینے کے طریقوں پر اپنے خیالات کا اظہار کر سکیں گی۔ معروف مصنفہ مسرت کلانچوی تقریب کی صدارت کریں گی جبکہ این بی ایف کے منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر کامران جہانگیر افتتاحی خطاب کریں گے۔کاوش صدیقی، سعدیہ قریشی، نورین روما، قرۃ العین شعیب اور افراح نواز بھی اس موقع پر خطاب کریں گی اور بچوں کے ادب کے مختلف پہلوؤں، بچوں میں تخلیقی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے میں اس کے کردار اور بچوں اور کتابوں کے درمیان دیرپا تعلق استوار کرنے پر روشنی ڈالیں گی۔

این بی ایف کے ڈائریکٹر ہیڈ کوارٹرز نے کہا کہ اس تقریب کا مقصد بچوں کے ادب کی تخلیقی روایت کو اجاگر کرنا اور دلچسپ و معیاری کتابوں کے ذریعے بچوں میں مطالعے کے کلچر کو فروغ دینا ہے۔انہوں نے مصنفین، محققین، ادبی شخصیات، والدین، اساتذہ، طلباء اور کتابوں کے شائقین کو دعوت دی کہ تقریب میں شرکت کریں اور اس ادبی محفل میں اپنا حصہ ڈالیں۔

مزید خبریں