قائدِ اعظم یونیورسٹی میں عالمی یومِ فارماسسٹ کا انعقاد

قائدِ اعظم یونیورسٹی کے شعبہ فارمیسی نے ‘عالمی یومِ فارماسسٹ’ کے موقع پر تقریب کا اہتمام کیا جس میں مریضوں کی دیکھ بھال کے بہتر نتائج کے حصول میں فارماسسٹس کے کلیدی کردار کو اجاگر کیا گیا۔

اسلام آباد۔26ستمبر (اے پی پی):قائدِ اعظم یونیورسٹی کے شعبہ فارمیسی نے ‘عالمی یومِ فارماسسٹ’ کے موقع پر تقریب کا اہتمام کیا جس میں مریضوں کی دیکھ بھال کے بہتر نتائج کے حصول میں فارماسسٹس کے کلیدی کردار کو اجاگر کیا گیا۔یہ تقریب "صحت مند مستقبل کے لیے فارماسسٹس کو بااختیار بنانا” کے موضوع کے تحت منعقد کی گئی جس میں فیکلٹی ممبران، فارمیسی کے شعبے سے وابستہ پیشہ ور افراد، طلباء اور ممتاز مہمانوں نے شرکت کی۔قائدِ اعظم یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظفر نواز جسپال اور ڈین فیکلٹی آف بائیولوجیکل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر رفعت نسیم ملک نے شعبہ فارمیسی کے اساتذہ کے ہمراہ تقریب میں شرکت کی۔نمایاں مہمانوں میں قائدِ اعظم انٹرنیشنل ہسپتال اسلام آباد کے ڈائریکٹر فارمیسی ڈاکٹر محسن ملک، کوالٹی کنٹرول بورڈ اسلام آباد کے سیکرٹری، پاکستان فارمیسی کونسل کے رکن اور پاکستان فارماسسٹس ایسوسی ایشن سینٹر کے سینئر نائب صدر سردار شبیر احمد، عنبر بشارت، یونیورسٹی کے سابق طالب علم منصور لطیف اور ڈرگ انسپکٹر اسلام آباد گل زیب خان شامل تھے۔مقررین اور شرکاء نے فارماسسٹس کی لگن کو سراہا اور صحت کی دیکھ بھال کی فراہمی، مریضوں کے تحفظ اور علاج کے نتائج کو بہتر بنانے میں ان کے ارتقاء پذیر کردار پر روشنی ڈالی۔ تقریب نے طلباء، ماہرینِ تعلیم اور پیشہ ور افراد کو فارمیسی کے پیشے کے مستقبل اور صحت کی دیکھ بھال کے نظام میں اس کے کردار کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت پر خیالات کے تبادلے کا موقع بھی فراہم کیا۔