چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد کی ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشتگرد حملہ کی شدید مذمت ، قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس

چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درازندہ میں دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حملے میں 12 قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی افسوس اور رنج کا اظہار کیا ہے

اسلام آباد۔26ستمبر (اے پی پی):چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درازندہ میں دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حملے میں 12 قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی افسوس اور رنج کا اظہار کیا ہے۔ہفتہ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ دہشتگرد حملے میں 35 افراد کے زخمی ہونے پر بھی گہرا دکھ ہے اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہوں۔ انہوں نے شہداء کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور ان کے غم میں برابر کی شرکت کا اظہار کیا۔سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ شہداء میں 9 مرد، 2 خواتین اور ایک کمسن بچہ شامل ہونا انتہائی افسوسناک اور دلخراش ہے۔ بے گناہ شہریوں کو دہشتگردی کا نشانہ بنانا انسانیت دشمن عناصر کی سنگین کارروائی ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں نے ڈیرہ اسماعیل خان میں امن میلہ پولیس چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا، جو انتہائی قابل مذمت ہے۔ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے ریاستی اداروں کی کارروائیاں مزید مؤثر بنانا ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سکیورٹی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے اور ملک میں امن و استحکام کے دشمن عناصر کے مذموم عزائم کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے کہا کہ فتنۃ الہندوستان اور فتنۃ الخوارج سے وابستہ دہشتگرد عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید مؤثر کی جائیں جبکہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے ہر سطح پر مربوط اور فیصلہ کن اقدامات کی ضرورت ہے۔انہوں نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی اور امدادی کارروائیوں کو مزید مؤثر بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ معصوم شہریوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نشانہ بنانے والے دہشتگرد کسی رعایت کے مستحق نہیں۔سینیٹر روبینہ خالد نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ڈیرہ اسماعیل خان حملے کے شہداء کے درجات بلند اور زخمیوں کو جلد صحتیابی عطا فرمائے۔