پی این آر اے اور آئی اے ای اے کے اشتراک سے پیشہ وارانہ ماحول میں تابکاری کی نگرانی پر قومی ورکشاپ اختتام پذیر

پاکستان نیوکلیئر ریگولیٹری اتھارٹی (پی این آر اے) نے بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے اشتراک سے پیشہ وارانہ ماحول میں تابکاری کی نگرانی کے موضوع پر ورکشاپ کا انعقاد کیا۔ پانچ روزہ قومی ورکشاپ پی این آر اے ہیڈکوارٹرزاسلام آباد میں اختتام پذیر ہوگئی

اسلام آباد۔26ستمبر (اے پی پی):پاکستان نیوکلیئر ریگولیٹری اتھارٹی (پی این آر اے) نے بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے اشتراک سے پیشہ وارانہ ماحول میں تابکاری کی نگرانی کے موضوع پر ورکشاپ کا انعقاد کیا۔ پانچ روزہ قومی ورکشاپ پی این آر اے ہیڈکوارٹرزاسلام آباد میں اختتام پذیر ہوگئی۔قومی ورکشاپ پی این آر اے کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف سیفٹی اینڈ سیکیورٹی (این آئی ایس اے ایس) نے منعقد کی جو جوہری تحفظ، تابکاری سے تحفظ اور جوہری سلامتی کے شعبوں میں IAEA کا نامزد کردہ اشتراکی مرکز ہے۔ ورکشاپ کا مقصد پیشہ وارانہ ماحول میں تابکاری کی نگرانی کے حوالے سے قومی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانا تھا، جس میں آئی اے ای اے کے حفاظتی معیارات کے مطابق بیرونی تابکاری اور سطحی تابکاری آلودگی کا جائزہ بھی شامل تھا۔ ورکشاپ میں مختلف قومی اداروں سے تعلق رکھنے والے 26 شرکاء نے شرکت کی۔آئی اے ای اے کے دو ممتاز بین الاقوامی ماہرین، ہنگری سے تعلق رکھنے والے مسٹر لاسزلو ساہی اور ملائیشیا سے تعلق رکھنے والے مسٹر حسینی بن صالح ورکشاپ میں ماہرین کی حیثیت سے شامل تھے۔ انہوں نے شرکاء کو پیشہ وارانہ ماحول میں تابکاری کی نگرانی کے طریقۂ کار، آلات کے استعمال اور نتائج کی تشریح کے حوالے سے جامع معلومات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ عملی مظاہرے اور تربیت کے ذریعے شرکاء کو متعلقہ امور کی عملی مشق بھی کرائی ۔چیئرمین پی این آر اے ضیاء حسین شاہ نے ورکشاپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ "پیشہ وارانہ ماحول میں تابکاری کی باقاعدہ نگرانی اور تابکاری سے تحفظ، ضابطہ جاتی نگرانی کا ایک بنیادی عنصر ہے۔ اس ورکشاپ کے ذریعے ہمارے ماہرین کی پیشہ وارانہ ماحول میں تابکاری کے سامنے آنے کے خطرات کا جائزہ لینے اور ان پر قابو پانے کی صلاحیت میں اضافہ ہوا ہے۔ آئی اے ای اے کے ساتھ ہماری مضبوط شراکت داری بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ اصولوں کے مطابق کارکنوں، عوام اور ماحول کے تحفظ کو یقینی بنانے کے ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی اے ای اے کے ماہرین نے تابکاری کے تحفظ کے بنیادی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کو سراہا اور پیشہ وارانہ تابکاری سے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر تابکار نگرانی کے پروگراموں کی اہمیت پر زور دیا۔ورکشاپ کا کامیاب انعقاد جوہری اور تابکاری کے تحفظ کے شعبے میں قومی ضابطہ جاتی اور تکنیکی استعداد کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پی این آر اے اور آئی اے ای اے کے درمیان جاری تعاون میں ایک اور اہم پیش رفت ہے۔ ورکشاپ کے دوران حاصل ہونے والی عملی تربیت اور مہارت، پاکستان کے جوہری اور تابکاری اداروں میں بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ اصولوں کے مطابق مؤثر نگرانی کے اصولوں پر عمل درآمد کو مزید بہتر بنانے میں معاون ثابت ہونگی۔