چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی قیادت میں پارلیمانی وفد کا جمہوریہ بیلاروس کا سرکاری دورہ اختتام پذیر ہوگیا،اسے دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ اور پارلیمانی تعلقات مستحکم کرنے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا گیا ہے۔
پاکستانی پارلیمانی وفد کا دورہ بیلاروس اختتام پذیر

مزید خبریں
اسلام آباد۔27ستمبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی قیادت میں پارلیمانی وفد کا جمہوریہ بیلاروس کا سرکاری دورہ اختتام پذیر ہوگیا،اسے دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ اور پارلیمانی تعلقات مستحکم کرنے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا گیا ہے۔ بیلاروس کی نیشنل اسمبلی کی کونسل آف دی ریپبلک کی چیئرپرسن نتالیہ کوچانووا نے رات گئے سید یوسف رضا گیلانی اور پاکستانی پارلیمانی وفد کو الوداع کہنے کے لیے ذاتی طور پر منسک نیشنل ایئرپورٹ پہنچیں پاکستان اور بیلاروس کے باہمی تعلقات کی اہمیت اور گرمجوشی کی عکاسی کرتے ہوئے بیلاروس کی نیشنل اسمبلی کی کونسل آف دی ریپبلک کی چیئرپرسن نتالیہ کوچانووا نے ہفتہ کو رات دیر گئے سید یوسف رضا گیلانی اور پاکستانی پارلیمانی وفد کو الوداع کہنے کے لیے ذاتی طور پر منسک نیشنل ایئرپورٹ پہنچیں۔
دورے کے دوران چیئرمین سینیٹ نے کونسل آف دی ریپبلک کی قیادت اور دیگر بیلاروسی حکام کے ساتھ اہم اور مفصل ملاقاتیں کیں جن میں پارلیمانی تعاون کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں دوطرفہ روابط کو وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر کونسل آف دی ریپبلک اور سینیٹ پاکستان کے درمیان تعاون کی یادداشت پر بھی دستخط کیے گئے جس سے باقاعدہ اور مؤثر بین الپارلیمانی روابط کے لیے ایک ادارہ جاتی فریم ورک فراہم ہوگا۔پاکستانی پارلیمانی وفد نے بیلاروس کے اہم اداروں اور مراکز کا بھی دورہ کیا جن میں بیلاروسی سینٹر فار ایڈوانسڈ میڈیسن اور وار ہسٹری میوزیم شامل ہیں۔ ان دوروں کے دوران وفد کو صحت، ٹیکنالوجی، صنعت، جدت طرازی اور تاریخی ورثے کے تحفظ کے شعبوں میں بیلاروس کی مہارت اور تجربات سے براہِ راست آگاہی حاصل ہوئی۔
دورے کے دوران علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی خیالات کا تبادلہ کیا گیا اور پاکستان اور بیلاروس کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو عملی تعاون میں تبدیل کرنے کے مختلف امکانات کا جائزہ لیا گیا بالخصوص پارلیمانی سفارت کاری، اقتصادی روابط، ٹیکنالوجی، صحت اور دیگر باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کے فروغ پر توجہ مرکوز کی گئی۔بیلاروس کی پارلیمانی قیادت کی جانب سے گرمجوشی پر مبنی الوداعی کلمات اور موجودگی کے ساتھ دورہ دوستانہ اور باہمی احترام کے ماحول میں اختتام پذیر ہوا۔ اس موقع نے پاکستان اور بیلاروس کے درمیان دوطرفہ اور پارلیمانی تعلقات کو مزید گہرا اور مستحکم بنانے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔







