پاک حج ایپ پر عازمین کے لیے متعدد سہولیات متعارف،گھر بیٹھے پیکیج، رہائش اور دیگر امور میں ترمیم ممکن ہے، وزارت مذہبی امور

وزارت مذہبی امور نے کہا ہے کہ نیشنل آئی ٹی بورڈ کی تیار کردہ پاک حج ایپ پر سرکاری عازمین کے لیے متعدد نئے فیچرز متعارف کرا دیئے گئے جن کے ذریعے عازمین کو حج انتظامات سے متعلق مختلف امور کے لیے دفاتر کے چکر لگانے اور قطاروں میں انتظار کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔

اسلام آباد۔27ستمبر (اے پی پی):وزارت مذہبی امور نے کہا ہے کہ نیشنل آئی ٹی بورڈ کی تیار کردہ پاک حج ایپ پر سرکاری عازمین کے لیے متعدد نئے فیچرز متعارف کرا دیئے گئے جن کے ذریعے عازمین کو حج انتظامات سے متعلق مختلف امور کے لیے دفاتر کے چکر لگانے اور قطاروں میں انتظار کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق عازمین حج اب گھر بیٹھے پاک حج ایپ یا حج پورٹل کے ذریعے اپنے حج پیکیج کے دورانیے اور رہائش کی نوعیت میں ترمیم کر سکتے ہیں۔ عازمین کے لیے دو بیڈ، تین بیڈ کے الگ کمرے، 4 تا 6 افرد کے گروپ کے لیے فیملی روم یا شیئرنگ رہائش کے انتخاب کی سہولت بھی فراہم کر دی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سرکاری حج سکیم کے کامیاب عازمین لانگ حج پیکیج کو شارٹ حج پیکیج جبکہ شارٹ حج پیکیج کو لانگ حج پیکیج میں تبدیل کرنے کی درخواست بھی آن لائن دے سکتے ہیں۔ پیکیج یا رہائش میں تبدیلی کی سہولت کا مقصد عازمین کو اپنی ضرورت کے مطابق حج انتظامات میں آسانی فراہم کرنا ہے۔ترجمان نے کہا کہ عازمین حج کے لیے میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ کے حوالے سے بھی آن لائن سہولت فراہم کی گئی ہے، عازمین پاک حج ایپ سے میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ کا پرنٹ حاصل کر کے مجاز ڈاکٹر سے اس کی تصدیق کرائیں گے جس کے بعد تصدیق شدہ سرٹیفکیٹ کو دوبارہ پاک حج ایپ یا حج پورٹل پر اپ لوڈ کرنا لازمی ہوگا،سمندر پار پاکستانی عازمین بھی اپنے نزدیکی مجاز ڈاکٹر سے میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کر کے اسے پاک حج ایپ پر اپ لوڈ کر سکتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ کامیاب عازمین حج کو ہارڈشپ کوٹہ کے تحت اپنے محرم یا ہیلپر کے لیے درخواست دینے کی سہولت بھی پاک حج ایپ اور حج پورٹل پر فراہم کی گئی ہے، اسی طرح کسی مجبوری کی صورت میں حج درخواست منسوخ کرنے اور جمع شدہ رقم کی واپسی سے متعلق فیچر بھی ایپ میں شامل کر دیا گیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ حکومتی ویژن کے مطابق پیپر لیس ڈیجیٹل سہولیات کا مقصد عازمین حج کو زیادہ سے زیادہ آسانی فراہم کرنا ہے تاکہ حج انتظامات سے متعلق بیشتر امور گھر بیٹھے مکمل کیے جا سکیں، اب عازمین کو معمولی نوعیت کے معاملات کے لیے وزارت یا متعلقہ بینک کے چکر لگانے، قطار میں کھڑے ہونے اور انتظار کرنے کی ضرورت نہیں بلکہ متعدد حج سہولیات ایک کلک پر دستیاب ہیں۔

دوسری جانب نیشنل آئی ٹی بورڈ کے تیار کردہ ڈیجیٹل حج پورٹل کے ذریعے پرائیویٹ حج سکیم کی بکنگ کا عمل بھی جاری ہے۔ وزارت مذہبی امور نے واضح کیا ہے کہ پرائیویٹ حج سکیم کے تحت بکنگ اور ادائیگی صرف ڈیجیٹل حج پورٹل کے ذریعے کی جائے۔ترجمان کے مطابق حج پورٹل سے باہر کسی فرد، کمپنی یا غیر مجاز ذریعے کو پرائیویٹ حج کی بکنگ یا رقم کی ادائیگی نہ کی جائے۔ عازمین حج کو ہدایت کی گئی ہے کہ بکنگ اور ادائیگی سے قبل متعلقہ حج آپریٹر کی حیثیت اور دستیاب نشستوں کی تصدیق صرف سرکاری ڈیجیٹل حج پورٹل سے کریں۔

ترجمان نے بتایا کہ پرائیویٹ حج سکیم کے تحت اب تک تقریباً 26 ہزار درخواستیں مکمل ہو چکی ہیں جبکہ 45 ہزار نشستیں دستیاب ہیں۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ 45 فیصد پرائیویٹ عازمین حج نے ڈیجیٹل پورٹل پر موجود ون لنک کے ذریعے قریبا 10 ارب روپے آن لائن جمع کروائے ہیں۔ وزارت نے مزید ہدایت کی ہے کہ پرائیویٹ حج کے لیے صرف مجاز ذرائع اور سرکاری ڈیجیٹل نظام استعمال کریں۔

مزید خبریں