سپیکر قومی اسمبلی کی راولپنڈی اسلام آباد بیورو جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے راولپنڈی اسلام آباد بیورو جرنلسٹس ایسوسی ایشن (ربجا) کے انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والے نومنتخب صدر سید مجاہد نقوی، سینئر نائب صدر نصرت عباس شاہ، جنرل سیکرٹری چوہدری محمد شفیق سمیت دیگر نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے

اسلام آباد۔27ستمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے راولپنڈی اسلام آباد بیورو جرنلسٹس ایسوسی ایشن (ربجا) کے انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والے نومنتخب صدر سید مجاہد نقوی، سینئر نائب صدر نصرت عباس شاہ، جنرل سیکرٹری چوہدری محمد شفیق سمیت دیگر نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔سپیکر میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی نے کہا ہے کہ ربجا کے نومنتخب عہدیداران کا انتخاب ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر ایسوسی ایشن کے اراکین کے بھرپور اعتماد کا مظہر ہے۔ انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ ربجا کی نومنتخب قیادت صحافی برادری کی فلاح و بہبود، پیشہ ورانہ امور کے فروغ اور راولپنڈی اسلام آباد کے صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے موثر کردار ادا کرے گی۔سپیکر نے کہا کہ صحافت ریاست کے اہم ستون کی حیثیت سے جمہوری نظام کے استحکام، عوامی شعور کی بیداری اور قومی معاملات پر رائے عامہ کی تشکیل میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ آزاد، ذمہ دار اور غیر جانبدار صحافت معاشرے کو درست اور بروقت معلومات کی فراہمی، عوامی مسائل کو اجاگر کرنے اور حکومت کو عوامی مسائل سے آگاہ رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ راولپنڈی اور اسلام آباد کے صحافی ملکی سطح پر اپنی صحافتی ذمہ داریاں ادا کرنے کے ساتھ ساتھ قومی معاملات کو اجاگر کرنے میں بھی نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔