بلوچستان میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائیاں، اسپیکر قومی اسمبلی کا سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایازصادق نے بروقت اور مؤثر کارروائیوں کے ذریعے متعدد دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے

اسلام آباد۔27ستمبر (اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایازصادق نے بروقت اور مؤثر کارروائیوں کے ذریعے متعدد دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔اتوار کو سپیکر میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ا سپیکر نے کہا کہ بلوچستان میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائیاں سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظہر ہیں، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کی قربانیاں قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں، سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنا کر پیشہ ورانہ مہارت کا ثبوت دیا ہے۔اسپیکر نے کہا کہ قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،دہشتگردی کے خاتمے کے لیے قومی عزم اور سکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائیاں قابلِ ستائش ہیں۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ بلوچستان میں امن و استحکام کے قیام کے لیے سکیورٹی فورسز کی خدمات قابلِ قدر ہیں،دہشتگرد عناصر کے خلاف کارروائیوں میں سکیورٹی فورسز کی بہادری اور غیر متزلزل عزم قابلِ تحسین ہے، پاکستان کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے والے عناصر اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ دہشتگردی کے ناسور کے خاتمے کیلئے شہداء کی قربانیاں قوم کے عزم اور حوصلے کو مزید مضبوط بنا رہی ہیں،بلوچستان سمیت ملک بھر میں امن کے قیام کے لیے سکیورٹی فورسز کی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔

مزید خبریں