چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نےبلوچستان میں دہشت گرد وں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے کے مختلف علاقوں میں 71 سے زائد دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنا ایک بڑی کامیابی ہے
دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز قومی عزم اور سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت کا ثبوت ہیں، چیئرمین سینیٹ

مزید خبریں
اسلام آباد۔27ستمبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نےبلوچستان میں دہشت گرد وں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے کے مختلف علاقوں میں 71 سے زائد دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنا ایک بڑی کامیابی ہے۔اتوار کوسینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں سکیورٹی فورسز کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیت،بہادری اور آپریشنل تیاری کی عکاس ہیں جبکہ بلوچستان میں دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کو کلیئر کرنا امن و استحکام کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان میں بدامنی پھیلانے والے دہشت گرد عناصر اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رہنی چاہئیں، غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کا تدارک قومی سلامتی کے لیے ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز نے بے مثال قربانیاں دی ہیں اور قوم اپنے شہداء اور غازیوں کی خدمات کو ہمیشہ قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھتی رہے گی۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور امن کے تحفظ کے لیے سکیورٹی فورسز کا عزم پوری قوم کے لیے حوصلے اور اعتماد کا باعث ہے۔ انہوں نےکامیاب کارروائیوں میں حصہ لینے والے تمام افسران اور جوانوں کو خراجِ تحسین اور شہداء کی عظیم قربانیوں کو سلام پیش کیا۔








