حکومت عوام کو مستند معلومات کی فراہمی، شفافیت کے فروغ اور معلومات تک رسائی کے حق کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے،وزیراعظم شہبازشریف

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عوام کی مستند معلومات تک رسائی اور اداروں کی جانب سے اسکی فراہمی کے بنیادی جمہوری حق کی غیر متزلزل توثیق کرتےہوئے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ حکومت، میڈیا، سول سوسائٹی، تعلیمی ادارے، ٹیکنالوجی کے ماہرین اور شہری مل کر معلومات کی صحت اور صداقت کے تحفظ اور ایک باخبر، ذمہ دار اور شفاف معاشرے کے قیام میں اپنا کردار ادا کریں گے

اسلام آباد۔27ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عوام کی مستند معلومات تک رسائی اور اداروں کی جانب سے اسکی فراہمی کے بنیادی جمہوری حق کی غیر متزلزل توثیق کرتےہوئے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ حکومت، میڈیا، سول سوسائٹی، تعلیمی ادارے، ٹیکنالوجی کے ماہرین اور شہری مل کر معلومات کی صحت اور صداقت کے تحفظ اور ایک باخبر، ذمہ دار اور شفاف معاشرے کے قیام میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار وزیراعظم محمد شہباز شریف نے معلومات تک رسائی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا جو کل پیر کو منایا جا رہا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان آج دنیا کے ساتھ ہم آواز ہو کر معلومات تک رسائی کے عالمی دن پر معلومات کی شہریوں تک رسائی، اداروں کی جانب سے اسکی فراہمی اور تبادلہ کے بنیادی جمہوری حق کی غیر متزلزل توثیق کرتا ہے۔ اس سال یہ عالمی دن "ڈیجیٹل دور میں معلومات کی صحت اور صداقت کا تحفظ: معلوماتی انتشار سے نمٹنے میں معلومات تک رسائی کا کردار” کے عنوان سے منایا جا رہا ہے۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ یہ موضوع بجا طور پر معلومات کی دستیابی کو درپیش ایک اہم مسئلے کی نشاندہی کرتا ہے، جس میں غلط اور گمراہ کن معلومات کا پھیلاؤ اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والے مسائل شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ معلومات تک رسائی ایک بنیادی حق اور شفاف، جوابدہ اور باخبر معاشرے کی بنیاد ہے، عوام کو درست، بروقت اور قابلِ اعتماد معلومات کی فراہمی نہ صرف ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے بلکہ یہ شہریوں کو باخبر فیصلے کرنے اور قومی امور میں مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل بھی بناتی ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ آج کے ڈیجیٹل دور میں ٹیکنالوجی اور سوشل میڈیا نے معلومات تک رسائی کو پہلے سے کہیں زیادہ آسان بنا دیا ہے تاہم، غیر مصدقہ، گمراہ کن اور جھوٹی معلومات کا تیزی سے پھیلاؤ ایک سنگین چیلنج بن چکا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ غلط اور گمراہ کن معلومات کا پھیلاؤ معاشرے میں بے یقینی پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ عوام کے اعتماد کو بھی متاثر کر سکتا ہے،اس صورتحال میں معلومات تک رسائی کا حق مزید اہمیت اختیار کر گیا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ مستند اور قابلِ اعتماد معلومات کی بروقت فراہمی، شفافیت، حقائق کی جانچ اور ذمہ دارانہ ابلاغ کے ذریعے معلوماتی انتشار کا مؤثر طور پر مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت پاکستان عوام کو درست اور مستند معلومات کی فراہمی، شفافیت کے فروغ اور معلومات تک رسائی کے حق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے، ہم جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل ذرائع کو بروئے کار لاتے ہوئے ریاستی اداروں اور عوام کے درمیان مؤثر رابطے کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ معلومات تک رسائی کے عالمی دن کا یہ موقع ہمیں اس عزم کی تجدید کا تقاضا کرتا ہے کہ ہم ایسا ڈیجیٹل اور معلوماتی ماحول تشکیل دیں جہاں ہر شہری کو درست، قابلِ اعتماد اور بروقت معلومات تک آسان رسائی حاصل ہو اور جھوٹی و گمراہ کن معلومات کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے اجتماعی ذمہ داری کا مظاہرہ کیا جائے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ آئین پاکستان کا آرٹیکل(A) 19 تمام شہریوں کو عوامی اہمیت کی امور میں معلومات تک رسائی کی ضمانت دیتا ہے۔اس آئینی ضمانت کو قانون سازی اور ادارہ جاتی انتظامات کے ذریعے شہریوں کے لیے معلومات کے حصول کے مؤثر نظام میں ڈھالا گیا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان انفارمیشن کمیشن شہریوں کے حقِ رسائی کو یقینی بنانے کا فورم ہے، جو شہریوں کی متعلقہ شکایات کا ازالہ بھی کرتا ہے۔ سرکاری دفاتر اور اداروں کے ریکارڈ کو محفوظ کرنے اور اس کی رسائی کو آسان بنانے کے لیے ڈیجیٹائزیشن کا عمل بھی جاری ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ حکومت، میڈیا، سول سوسائٹی، تعلیمی ادارے، ٹیکنالوجی کے ماہرین اور شہری مل کر معلومات کی صحت و صداقت کے تحفظ اور ایک باخبر، ذمہ دار اور شفاف معاشرے کے قیام میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

مزید خبریں