پی ٹی آئی کی زیر قیادت خیبرپختونخوا کی صوبائی حکومت گزشتہ کئی برسوں کےدوران عوامی فلاح و بہبود اور ترقیاتی اقدامات کی فراہمی میں ناکام رہی ہے، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری

وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے خیبر پختونخوا میں گورنر راج کے ممکنہ نفاذ سےمتعلق حالیہ بحث کی وجوہات بیان کرتے ہوئے صوبے میں مسلسل حکمرانی اورترقیاتی ناکامیوں کا حوالہ دیا ہے

اسلام آباد۔27ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے خیبر پختونخوا میں گورنر راج کے ممکنہ نفاذ سےمتعلق حالیہ بحث کی وجوہات بیان کرتے ہوئے صوبے میں مسلسل حکمرانی اورترقیاتی ناکامیوں کا حوالہ دیا ہے۔اتوار کونجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے الزام عائد کیا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی زیر قیادت صوبائی حکومت گزشتہ کئی برسوں کےدوران عوامی فلاح و بہبود اور ترقیاتی اقدامات کی فراہمی میں ناکام رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت عوامی ضروریات پوری کرنے، ترقیاتی اشاریوں میں بہتری لانے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے بجائے غیر متعلقہ سیاسی معاملات پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ وفاقی حکومت پی ٹی آئی کے ساتھ سیاسی مذاکرات کے لئے بدستور تیار ہے اور کھلے ٹی او آرز کےساتھ بات چیت کی پیشکش کر رہی ہے تاکہ تمام معاملات پر گفتگو کی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ حکومت سیاسی اختلافات اور تنازعات کے حل کے لئے جمہوری ذرائع کے تحت سیاسی مذاکرات کی ہمیشہ حمایت کرتی رہی ہے۔امن و امان کی صورتحال سےمتعلق سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے پی ٹی آئی کی زیر قیادت خیبر پختونخوا حکومت کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور الزام عائد کیا کہ اس کی پالیسیوں اور طرز عمل سےبالواسطہ طور پر ملک کےمختلف حصوں میں حملوں کے ذمہ دار عسکریت پسند عناصر کو فائدہ پہنچا ہے۔

مزید خبریں