ایس آئی ایف سی کی معاونت سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کا پاکستان پر اعتماد بحال

خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی بروقت مداخلت اور متعلقہ حکام کے ساتھ مؤثر رابطہ کاری کے نتیجے میں چینی کمپنی ہونان ریسورسز کی دھابیجی میں واقع صنعتی فیکٹری سات ماہ بعد دوبارہ فعال ہوگئی جس سے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد کو تقویت ملی ۔

اسلام آباد۔28ستمبر (اے پی پی):خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی بروقت مداخلت اور متعلقہ حکام کے ساتھ مؤثر رابطہ کاری کے نتیجے میں چینی کمپنی ہونان ریسورسز کی دھابیجی میں واقع صنعتی فیکٹری سات ماہ بعد دوبارہ فعال ہوگئی جس سے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد کو تقویت ملی ۔

ایس آ ئی ایف سی کے مطابق ہونان ریسورسز دھابیجی میں صنعتی تنصیب چلانے والی چینی کمپنی ہے جس کی فیکٹری فروری 2026 سے ایک معاملے کے باعث بند تھی، طویل بندش کے دوران کمپنی کو مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔کمپنی کی جانب سے اپنی صنعتی تنصیب سے متعلق معاملے کے حل کے لیے ایس آئی ایف سی کی مداخلت اور تعاون کو سراہا گیا ۔ایس آئی ایف سی نے معاملے کا بروقت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کے ساتھ رابطہ کاری کی اور مسئلے کے حل میں معاونت فراہم کی جس کے بعد چینی کمپنی کی صنعتی سرگرمیاں دوبارہ شروع ہوگئیں۔

یہ پیش رفت پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول، سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے اور کاروباری مسائل کے فوری حل کے حوالے سے ایس آئی ایف سی کے کردار کی عکاسی کرتی ہے۔چینی کمپنی کی فیکٹری کی بحالی سے نہ صرف صنعتی سرگرمیوں میں تسلسل بحال ہوا بلکہ پاکستان میں موجود غیر ملکی سرمایہ کاروں کو اپنے کاروباری مسائل کے حل کے لیے ادارہ جاتی معاونت کا مثبت پیغام بھی ملا۔