نادرا کی پاک آئی ڈی موبائل ایپ کا نیا ورژن 5.8.0 جاری، فیملی ممبرز ڈیجیٹل آئی ڈی، دستاویزات کی کیو آر تصدیق اور حج و عمرہ زائرین کے لیے بائیو میٹرک سہولیات شامل

نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا)نے شہریوں کی سہولت کے لیے اپنی پاک آئی ڈی موبائل ایپلی کیشن کا نیا ورژن 5.8.0 لانچ کر دیا ہے جس میں فیملی ممبرز ڈیجیٹل آئی ڈی، دستاویزات کی فوری کیو آر تصدیق اور حج و عمرہ زائرین کے لیے بائیو میٹرک توثیق سمیت متعدد جدید فیچرز شامل کیے گئے ہیں۔

اسلام آباد۔28ستمبر (اے پی پی):نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا)نے شہریوں کی سہولت کے لیے اپنی پاک آئی ڈی موبائل ایپلی کیشن کا نیا ورژن 5.8.0 لانچ کر دیا ہے جس میں فیملی ممبرز ڈیجیٹل آئی ڈی، دستاویزات کی فوری کیو آر تصدیق اور حج و عمرہ زائرین کے لیے بائیو میٹرک توثیق سمیت متعدد جدید فیچرز شامل کیے گئے ہیں۔

نادرا کے پبلک انفارمیشن آفیسر سید شبہات علی کے مطابق پاک آئی ڈی ایپ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے، نئے ورژن کی بدولت اب شہری اپنے ساتھ ساتھ شریکِ حیات اور 18 سال سے کم عمر بچوں کے ڈیجیٹل شناختی کارڈز، جووینائل کارڈ، نائیکوپ یا پاکستان اوریجن کارڈ (پی او سی) باآسانی حاصل اور محفوظ کر سکتے ہیں جبکہ ضرورت پڑنے پر ان کی معلومات کی فوری تصدیق اور شیئرنگ بھی ممکن ہو گی۔

انہوں نے بتایا کہ ایپ میں اہم دستاویزات کی فوری تصدیق کے لیے ‘سکین کیو آر کوڈ’ کا فیچر متعارف کرایا گیا ہے جس کی مدد سے ب فارم، فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (ایف آر سی)اور شناختی کارڈ منسوخی سرٹیفکیٹ پر درج ڈیجیٹل کیو آر کوڈ سکین کر کے تصدیق شدہ کوائف چند سیکنڈز میں دیکھے جا سکتے ہیں۔سید شبہات علی کے مطابق بیرونِ ملک بالخصوص حج و عمرہ پر جانے والے عازمین کے لیے بائیو میٹرک تصدیق کا عمل مزید آسان بنا دیا گیا ہے، زائرین اب انفلوئنزا اور گردن توڑ بخار (میننجائٹس)کے ویکسینیشن کارڈز کے لیے بائیو میٹرک تصدیق ایپ کے ‘MBVS’ سیکشن کے ذریعے گھر بیٹھے مکمل کر سکتے ہیں جس کے بعد مجاز ویکسین لگوا کر نادرا کے ‘نمز’ (NIMS)پورٹل سے ویکسینیشن کارڈ ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے۔

ایپ کے استعمال کا طریقہ واضح کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ فیملی ڈیجیٹل آئی ڈی کے لیے ہوم سکرین سے ‘فیملی ممبرز ڈیجیٹل آئی ڈی’ میں جا کر مطلوبہ فرد کے نام تلے ‘Apply for Digital ID’ منتخب کریں۔ دستاویزات کی تصدیق ‘سکین کیو آر کوڈ’ اور ویکسینیشن توثیق ‘MBVS’ سیکشن سے مطلوبہ کیٹیگری منتخب کر کے فیس کی ادائیگی کے ذریعے مکمل کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوامی تجاویز کی روشنی میں پاک آئی ڈی سروسز کو مزید مؤثر بنانے کا عمل جاری رہے گا۔

 

مزید خبریں