وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین کی عمان کی وزارت محنت کے انڈر سیکرٹری سے ملاقات، پاکستانی افرادی قوت کے لیے روزگار بارے تبادلہ خیال کیا

وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین کی عمان کی وزارت محنت کے انڈر سیکرٹری سے ملاقات، پاکستانی افرادی قوت کے لیے روزگار بارے تبادلہ خیال کیا

مسقط۔28ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے آج مسقط میں عمان کی وزارت محنت کے انڈر سیکرٹری خالد بن سالم الغماری سے ملاقات کی جس دوران پاکستانی افرادی قوت کے لیے روزگار بارے تبادلہ خیال کیا۔پیر کو جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے پاکستان کی بڑی نوجوان آبادی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے نوجوان ہنرمند افرادی قوت کا ایک وسیع ذخیرہ فراہم کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان بیرون ملک روزگار فراہم کرنے والے ممالک میں زیادہ طلب والی مہارتوں کی نشاندہی اور نقشہ سازی کر رہا ہے جبکہ نوجوانوں کی فنی تربیت کو ہر ملک کی لیبر مارکیٹ کی مخصوص ضروریات سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس تناظر میں عمان پاکستانی ہنرمند افرادی قوت کے لیے ایک اہم ملک منزل ہے۔ رانا مشہود احمد خان نے امید ظاہر کی کہ سلطنت عمان پاکستان کو ہنرمند اور نیم ہنرمند افرادی قوت کے لیے روزگار کے مواقع فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رکھے گی۔

عمان کی وزارت محنت کے انڈر سیکرٹری خالد بن سالم الغماری نے بھی چیئرمین پی ایم وائی پی کے خیالات سے اتفاق کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ عمان کی حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر افرادی قوت کی نقل و حرکت، ہنرمندی کے فروغ اور پاکستانی ورک فورس بالخصوص نوجوانوں کے لیے عمان میں روزگار کے مواقع کی فراہمی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے تعاون جاری رکھے گی۔