ٹیکنالوجی کے ذریعے عوامی خدمات کی فراہمی کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت کے طور پر آزاد جموں و کشمیر میں سرکاری امور و خدمات کو آن لائن نظام پر منتقل کرنے کے لیے عملی اقدامات میں تیزی لائی گئی ہے
آزاد جموں و کشمیر کی ڈیجیٹل دور کی جانب پیش قدمی، سرکاری خدمات اب عالمی سطح پر آن لائن دستیاب ہوں گی

مزید خبریں
مظفرآباد۔28ستمبر (اے پی پی):ٹیکنالوجی کے ذریعے عوامی خدمات کی فراہمی کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت کے طور پر آزاد جموں و کشمیر میں سرکاری امور و خدمات کو آن لائن نظام پر منتقل کرنے کے لیے عملی اقدامات میں تیزی لائی گئی ہے۔ایک سرکاری عہدیدار کے مطابق آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم بیرسٹر افتخار گیلانی نے حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ سرکاری ’اے جے کے ڈیجیٹل پورٹل‘ کو جلد از جلد فعال کریں۔ انہوں نے شہریوں کے لیے عوامی خدمات کو آسان، تیز اور شفاف بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد کاغذی کارروائیوں (پیپر ورک) کو نمایاں طور پر کم کرنا اور شہریوں کی جانب سے سرکاری دفاتر کے بار بار چکروں کی ضرورت کو ختم کرنا ہے۔عہدیدار نے بتایا کہ اس ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے عوامی خدمات براہ راست گھر بیٹھے آن لائن دستیاب ہوں گی جس سے مقامی رہائشیوں کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں مقیم آزاد جموں و کشمیر کے تارکین وطن بھی مستفید ہو سکیں گے۔انہوں نے وضاحت کی کہ ابتدائی مرحلے میں وہ تمام سرکاری خدمات جو فوری طور پر ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر منتقل کی جا سکتی ہیں، انہیں اس پورٹل میں شامل کیا جائے گا۔اس ڈیجیٹل گورننس نظام کے قیام کا مقصد انتظامی رفتار میں اضافہ، شفافیت کو یقینی بنانا، عوامی سہولت میں بہتری اور شہریوں کے لیے وقت اور اخراجات دونوں کو کم سے کم کرنا ہے۔عہدیدار نےبتایا کہ جدید طرز حکمرانی کے معیارات کو فروغ دینے کے لیے آزاد جموں و کشمیر کی حکومت پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی تکنیکی مہارت اور ادارہ جاتی تجربے سے استفادہ کر رہی ہے۔ڈیجیٹل نظام کی جانب یہ پیش قدمی آزاد جموں و کشمیر کے محکمہ آئی ٹی کے 100 روزہ اصلاحاتی ایجنڈے کا ایک اہم جزو ہے جس کا مرکز آئی ٹی انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانا اور عوامی خدمات کی فراہمی کو جدید تکنیکی معیارات سے ہم آہنگ کرنا ہے۔







