ڈی جی این سی سی آئی اے کی زیرِ صدارت فیصل آباد سرکل کا اجلاس، سائبر کرائم کیسز کی پیش رفت کا جائزہ

ڈائریکٹر جنرل نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے )سید علی ناصر رضوی کی زیر صدارت فیصل آباد سرکل کے افسران کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر فیصل آباد سرکل سمیت تمام افسران نے شرکت کی

اسلام آباد۔28ستمبر (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے )سید علی ناصر رضوی کی زیر صدارت فیصل آباد سرکل کے افسران کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر فیصل آباد سرکل سمیت تمام افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران سرکل کی مجموعی کارکردگی، زیر تفتیش مقدمات میں پیش رفت، سائبر کرائم کی روک تھام کے لیے کیے گئے اقدامات اور شہریوں کی شکایات کے ازالے سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔این سی سی اے ترجمان کے مطابق ڈی جی علی ناصر رضوی نے افسران سے ان کے متعلقہ شعبوں کے حوالے سے فرداً فرداً استفسار کیا اور تفتیشی معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔

سید علی ناصر رضوی کا کہنا تھا کہ این سی سی آئی اے کا بنیادی مقصد عوام کو سائبر کرائم سے محفوظ بنانا اور انہیں بروقت انصاف کی فراہمی ہے۔ تمام افسران شہریوں کی شکایات کا میرٹ اور شفافیت کے ساتھ فوری ازالہ یقینی بنائیں، سائلین کے ساتھ خوش اخلاقی اور عزت و احترام سے پیش آئیں اور کیسز میں غیر ضروری تاخیر سے اجتناب کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کام میں غفلت، کوتاہی اور بدعنوانی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی جبکہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔