فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری اور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کو مل کر شہر کی جامع، منظم اور مربوط ترقی کیلئے عملی جدوجہد کرنا ہو گی، فاروق یوسف شیخ

فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر فاروق یوسف شیخ نے کہا ہے کہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری اور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کو مل کر شہر کی جامع، منظم اور مربوط ترقی کیلئے عملی جدوجہد کرنا ہو گی

فیصل آباد۔ 28 ستمبر (اے پی پی):فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر فاروق یوسف شیخ نے کہا ہے کہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری اور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کو مل کر شہر کی جامع، منظم اور مربوط ترقی کیلئے عملی جدوجہد کرنا ہو گی۔ وہ آج ڈسٹرکٹ بار کے وفد سے خطاب کر رہے تھے جس نے میاں طارق محمود کی قیادت میں فیصل آباد چیمبر کاد ورہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد چیمبر کے ممبران کی تعداد 22ہزار ہے جبکہ شہر کی 128تجارتی تنظیمیں اس سے منسلک ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ٹیکسٹائل کبھی فیصل آباد کی شناخت تھی مگر اب یہاں آٹو موبائل، فارماسوٹیکل، کین، کنفکشنری، فوڈ اور ڈیر ی سمیت کئی شعبے اس شہر کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ ٹیکسٹائل کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی ٹیکسٹائل کی مجموعی برآمدات میں اس شہر کا حصہ 57فیصد ہے جبکہ قومی معیشت میں اِس کا حصہ 20فیصدسے زائد ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ چیمبر کی بنیادی ذمہ داری بزنس کمیونٹی کو درپیش مسائل کو حکومت تک پہنچانا اور اُن کو حل کرنا ہے مگر اب یہ ادارہ شہر کی ایک کروڑ کی آبادی کی آواز بن چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیمبر کے مطالبے پر یہاں بنیادی ڈھانچے کی بہتری کیلئے اقداما ت اٹھائے گئے جس پر ہم نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی تعریف کی لیکن اب بھی یہاں صحت اور تعلیم کے شعبے میں بہت کام کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے مطالبے پر یہاں سے براہ راست بین الاقوامی پروازوں کے علاوہ حج پروازیں بھی شروع کر دی گئی ہیں لیکن یہاں بین الاقوامی معیار کے ائیر پورٹ کا مطالبہ ابھی تک پورا نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ شہر ہم سب کا ہے اور ہمیں اس کی ترقی کیلئے مل کر جدوجہد کرنا ہو گی۔ انہوں نے بار کو انصاف کی فراہمی کیلئے اہم ترین ادارہ قرار دیا اور کہا کہ ہمیں یہاں ہائی کورٹ کے بنچ کیلئے جدوجہد کا از سر نو آغاز کرنا ہو گا تاکہ یہاں کے لوگوں کو اُن کی دہلیز پر سستا اور فوری انصاف مہیا کیا جا سکے۔ بار کے صدر میاں طارق محمود نے چیمبر اور ڈسٹرکٹ بار کے درمیان رابطوں کیلئے شروعات کرنے پر فاروق یوسف شیخ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ چیمبر نے شہریوں کے مسائل کے علاوہ بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے بھی گرانقدر خدمات سرانجام دی ہیں۔۔

تقریب سے سابق صدر رانا محمد سکندر اعظم خاں، بار کے نائب صدر رانا ارشد، علی رامے اور بیرسٹر محمد دانش نے بھی خطاب کیا۔ آخر میں سینئر نائب صدر نوید اکرم شیخ نے مہمانوں کا شکریہ اد اکیا جبکہ صدر فاروق یوسف شیخ نے میاں طارق محمود کو فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی اعزازی شیلڈ پیش کی۔ اس موقع پر نائب صدر انجینئر عاصم منیر اور وکلاء کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔