بلاول بھٹو زرداری کا ایم آر ڈی کے دوران 1983ء میں گائوں پنہل خان چانڈیو میں جام شہادت نوش کرنے والے 16 بہادر جیالوں کو خراج عقیدت

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے تحریک بحالی جمہوریت (ایم آر ڈی) کے دوران 29 ستمبر 1983ء کو ضلع شہید بینظیرآباد کے گائوں پنہل خان چانڈیو میں جام شہادت نوش کرنے والے 16 بہادر جیالوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے

کراچی /اسلام آباد۔28ستمبر (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے تحریک بحالی جمہوریت (ایم آر ڈی) کے دوران 29 ستمبر 1983ء کو ضلع شہید بینظیرآباد کے گائوں پنہل خان چانڈیو میں جام شہادت نوش کرنے والے 16 بہادر جیالوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔میڈیا سیل بلاول ہائوس سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 43 برس قبل شہید ٹھارو چانڈیو، شہید رجب علی چانڈیو، شہید علی شیر چانڈیو، شہید غلام مصطفیٰ چانڈیو، شہید پیر بخش چانڈیو، شہید عرس چانڈیو، شہید صدیق چانڈیو، شہید گلاب چانڈیو، شہید ہاشم خاصخیلی، شہید جانب خاصخیلی، شہید میرو خاصخیلی، شہید علی گل خاصخیلی، شہید محمد رمضان خاصخیلی، شہید محبوب علی سولنگی، شہید اللہ رکھیو سولنگی اور شہید حسین بخش منگنھار نے عوام کے حق حکمرانی، آئین اور جمہوریت کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ آمریت کے سیاہ دور میں پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے جبر کے سامنے سر جھکانے کے بجائے جمہوریت کی بحالی کے لیے پرامن جمہوری مزاحمت کا راستہ اختیار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنہل خان چانڈیو گائوں کے شہداء نے اپنے لہو سے ثابت کیا کہ عوام کے حقِ حکمرانی کو دبایا نہیں جاسکتا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ان شہداء کی قربانیاں ہماری جمہوری جدوجہد کا ناقابل فراموش باب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنہل خان چانڈیو گائوں کے 16 شہداء سمیت ایم آر ڈی کے تمام شہداء ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے اور ان کے نام آنے والی نسلوں کے لیے جمہوریت کی جدوجہد کی روشن علامت رہیں گے۔