ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر کی ربجا کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے راولپنڈی اسلام آباد بیورو جرنلسٹس ایسوسی ایشن (ربجا) کے انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والے نومنتخب صدر سید مجاہد نقوی، جنرل سیکرٹری چوہدری محمد شفیق، نائب صدور نصرت عباس شاہ، آصف ہمدانی، فاروق احمد اور مجاہد بھٹی، جوائنٹ سیکرٹری رضوان چوہان سمیت دیگر نومنتخب عہدیداران کو دلی مبارکباد پیش کی ہے

اسلام آباد۔28ستمبر (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے راولپنڈی اسلام آباد بیورو جرنلسٹس ایسوسی ایشن (ربجا) کے انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والے نومنتخب صدر سید مجاہد نقوی، جنرل سیکرٹری چوہدری محمد شفیق، نائب صدور نصرت عباس شاہ، آصف ہمدانی، فاروق احمد اور مجاہد بھٹی، جوائنٹ سیکرٹری رضوان چوہان سمیت دیگر نومنتخب عہدیداران کو دلی مبارکباد پیش کی ہے اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ پیر کو سینٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق اپنے تہنیتی پیغام میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ربجا کے انتخابات میں نومنتخب عہدیداران پر صحافی برادری کا اعتماد ان کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں، صحافتی خدمات اور قیادت پر اعتماد کا واضح اظہار ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ربجا کی نئی قیادت صحافیوں کے مسائل کے حل، ان کی فلاح و بہبود اور پیشہ وارانہ حقوق کے تحفظ کے لئے مؤثر اور مثبت کردار ادا کرے گی۔ سیدال خان ناصر نے کہا کہ آزاد اور ذمہ دار صحافت معاشرے میں آگاہی، شفافیت اور جوابدہی کے فروغ کا مؤثر ذریعہ ہے، جمہوری نظام میں صحافت عوام اور ریاستی اداروں کے درمیان رابطے کا اہم کردار ادا کرتی ہے اور قومی و عوامی اہمیت کے معاملات کو اجاگر کرنے میں صحافی برادری کی خدمات قابلِ قدر ہیں۔انہوں نے کہا کہ راولپنڈی اور اسلام آباد کے صحافی قومی سطح پر پیشہ وارانہ ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے ملکی معاملات، عوامی مسائل اور اہم قومی امور کو مؤثر انداز میں اجاگر کر رہے ہیں، دارالحکومت کے صحافیوں کی پیشہ وارانہ سرگرمیاں ملکی صحافت کے مجموعی منظرنامے میں خصوصی اہمیت رکھتی ہیں۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ صحافی برادری کو درپیش مسائل کے حل، صحافتی اقدار کے فروغ اور پیشہ وارانہ معیار کو مزید بہتر بنانے کے لئے صحافتی تنظیموں کا فعال کردار نہایت اہم ہے۔ انہوں نے ربجا کی نومنتخب قیادت کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ نومنتخب عہدیداران صحافی برادری کے اعتماد پر پورا اتریں گے اور اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں انجام دیں گے۔سیدال خان ناصر نے ربجا کے تمام نومنتخب عہدیداران کے لئے کامیابی، استقامت اور مزید پیشہ وارانہ ترقی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔