بلوچستان میں آپریشن ’’رد الفتنة 3‘‘کے تحت سکیورٹی فورسز کی کارروائی، نوکچہ میں 2 دہشت گرد ہلاک

سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں امن دشمن عناصر کے مکمل خاتمے کے لیے جاری آپریشن ’’رد الفتنة 3‘‘ کے تحت ضلع چاغی کے علاقے نوکچہ میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 2 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا ہے

کوئٹہ۔29ستمبر (اے پی پی):سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں امن دشمن عناصر کے مکمل خاتمے کے لیے جاری آپریشن ’’رد الفتنة 3‘‘ کے تحت ضلع چاغی کے علاقے نوکچہ میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 2 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا ہے۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق فتنہ الہندوستان سے وابستہ دہشت گردوں نے نوکچہ کے قریب ایک خالی واٹر باؤزر کو نذرِ آتش کرنے کے بعد فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم علاقے میں موجود سکیورٹی فورسز نے فوری اور مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے دونوں شرپسندوں کو موقع پر ہی کیفرِ کردار تک پہنچا دیا۔ ذرائع نے بتایا کہ مارے جانے والے دہشت گرد این 40 قومی شاہراہ پر متعدد مقامات پر آتشزنی اور دہشت گردی کی وارداتوں میں ملوث تھے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل 31 اگست کو بھی اسی علاقے میں اسی نوعیت کی تخریب کاری میں ملوث 11 دہشت گردوں کو مار گرایا گیا تھا۔ سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان کی سرزمین سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی۔