اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف وسیع پیمانے پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 6 مختلف کارروائیوں کے دوران 4 ملزمان کو گرفتار کر کے 1 کروڑ 80 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 167.1 کلوگرام منشیات برآمد کر لی ہے
اے این ایف کا تعلیمی اداروں اور مختلف شہروں میں بڑا کریک ڈاؤن، 6 کارروائیوں میں 4 ملزمان گرفتار

مزید خبریں
راولپنڈی۔29ستمبر (اے پی پی):اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف وسیع پیمانے پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 6 مختلف کارروائیوں کے دوران 4 ملزمان کو گرفتار کر کے 1 کروڑ 80 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 167.1 کلوگرام منشیات برآمد کر لی ہے۔ترجمان اے این ایف کے مطابق تعلیمی اداروں کو منشیات سے پاک کرنے کی مہم کے تحت ٹنڈو جام (ضلع حیدرآباد) میں یونیورسٹی کے قریب ایک موٹر سائیکل سوار ملزم کو گرفتار کیا گیا، جس کے قبضے سے 1 کلوگرام آئس برآمد ہوئی۔ ملزم نے دورانِ تفتیش تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا ہے۔دیگر کارروائیوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے ترجمان نے بتایا کہ راولپنڈی کے ایک کوریئر آفس میں نیوزی لینڈ بھیجے جانے والے پارسل کی جانچ پڑتال کے دوران ویسٹ کوٹ میں جذب کی گئی 1.9 کلوگرام آئس پکڑی گئی۔ اسی طرح کراچی میں شاہراہِ فیصل پر واقع کوریئر آفس میں برطانیہ (یو کے) جانے والے پارسل سے جوتوں میں مہارت سے چھپائی گئی 4.2 کلوگرام آئس برآمد کی گئی۔بلوچستان میں کی گئی کارروائیوں کے دوران ضلع پشین کے علاقے سرنان کے قریب ایک ٹرک کو روکا گیا، جس میں سیب کی پیٹیوں کے اندر چھپائی گئی 60 کلو چرس اور 12 کلو آئس برآمد کر کے ملزم کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔ پنجگور کے علاقے گرمکان روڈ کے قریب ایک مشتبہ گاڑی سے 48 کلوگرام چرس برآمد کر کے 2 ملزمان کو حراست میں لیا گیا، جبکہ ضلع چاغی کے علاقے دالبندین کے قریب جھاڑیوں سے 40 کلوگرام لاوارث افیون برآمد کی گئی۔ترجمان اے این ایف کا کہنا ہے کہ تمام ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997ء کے تحت مقدمات درج کر کے باقاعدہ تحقیقات اور مزید نیٹ ورکس کی نشاندہی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔








