چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی دوستی اعتماد، باہمی احترام، باہمی تعاون اور امن و ترقی کے مشترکہ عزم پر استوار ہے
پاک چین دوستی باہمی احترام،اعتماد اور امن و ترقی کے مشترکہ عزم پر استوار ہے، کنفیوشس کی تعلیمات آج بھی علم و تعلم، دوستی، ہم آہنگی کے حوالے سے غیر معمولی اہمیت رکھتی ہیں، چیئرمین سینیٹ

مزید خبریں
قوفو، چین۔29ستمبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی دوستی اعتماد، باہمی احترام، باہمی تعاون اور امن و ترقی کے مشترکہ عزم پر استوار ہے۔ کنفیوشس کی تعلیمات آج بھی علم و تعلم، دوستی، ہم آہنگی اور باہمی احترام کے حوالے سے غیر معمولی اہمیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے یہ بات چائنا انٹرنیشنل کنفیوشس کلچر فیسٹیول کے موقع پر اپنے ویڈیو پیغام میں کہی ۔یہ فیسٹیول چین کے تاریخی شہر قوفو میں منعقد ہوا، جو عظیم مفکر اور فلسفی کنفیوشس کا آبائی شہر ہے۔ اپنے پیغام میں چیئرمین سینیٹ نے فیسٹیول میں شریک شرکاء، دانشوروں اور معزز مہمانوں کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ کنفیوشس کی تعلیمات آج بھی علم و تعلم، دوستی، ہم آہنگی اور باہمی احترام کے حوالے سے غیر معمولی اہمیت رکھتی ہیں۔ پاکستان اور چین کے تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ 2026ء میں دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے 75 سال مکمل ہو رہے ہیںچ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی لازوال ’’آہنی بھائی چارے‘‘ پر مبنی دوستی وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوئی ہے اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ تعلیم، ثقافتی تبادلے اور عوامی روابط پاکستان اور چین کے عوام کو ایک دوسرے کے مزید قریب لانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے پاکستانی جامعات میں قائم کنفیوشس انسٹی ٹیوٹس کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارے چینی زبان اور ثقافت کے فروغ اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان باہمی فہم و آگاہی بڑھانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں کو ایک دوسرے سے سیکھنے کے مزید مواقع فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ادب، تعلیم، سائنس، ٹیکنالوجی اور ثقافت کے شعبوں میں روابط اور تبادلوں کو مزید فروغ دیا جانا چاہیے، تاکہ دونوں عظیم تہذیبیں خیالات، علم اور انسانی فہم و ادراک کے ذریعے ایک دوسرے سے مزید قریب آسکیں۔چیئرمین سینیٹ نے امید ظاہر کی کہ یہ فیسٹیول پاکستان اور چین کے عوام کے درمیان باہمی افہام و تفہیم کو مزید فروغ دینے اور دونوں اقوام کو قریب لانے میں معاون ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دیرپا پل صرف پتھر اور فولاد سے نہیں بلکہ علم، دوستی اور انسانی دلوں سے بھی تعمیر ہوتے ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے فیسٹیول کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان اور چین کی دیرینہ اور مثالی دوستی کے عزم کا اعادہ کیا۔







