بلاول بھٹو زرداری کا تحریک بحالی جمہوریت کے دوران گائوں پنہل خان چانڈیو میں شہید ہونے والے 16 جیالوں کو خراج عقیدت

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے تحریک بحالی جمہوریت (ایم آر ڈی) کے دوران گائوں پنہل خان چانڈیو میں شہید ہونے والے 16 جیالوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ29 ستمبر 1983ء کو پنہل خان چانڈیو میں شہید ہونے والے 16 جیالوں نے عوام کے حق حکمرانی، آئین اور جمہوریت کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کیا

اسلام آباد۔29ستمبر (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے تحریک بحالی جمہوریت (ایم آر ڈی) کے دوران گائوں پنہل خان چانڈیو میں شہید ہونے والے 16 جیالوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ29 ستمبر 1983ء کو پنہل خان چانڈیو میں شہید ہونے والے 16 جیالوں نے عوام کے حق حکمرانی، آئین اور جمہوریت کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔منگل کو میڈیا سیل بلاول ہائوس سے جاری بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پنہل خان چانڈیو کے شہداء نے اپنے لہو سے ثابت کیا کہ عوام کے حق حکمرانی کو دبایا نہیں جا سکتا۔ آمریت کے سیاہ دور میں پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے جبر کے سامنے جھکنے کے بجائے جمہوریت کی بحالی کے لیے پرامن مزاحمت کا راستہ اپنایا۔پنہل خان چانڈیو کے 16 شہداء، شہید ٹھارو چانڈیو، شہید رجب علی چانڈیو اور شہید علی شیر چانڈیو ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہید غلام مصطفیٰ چانڈیو، شہید پیر بخش چانڈیو، شہید عرس چانڈیو، شہید صدیق چانڈیو اور شہید گلاب چانڈیو کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں جائیں گی۔ شہید ہاشم خاصخیلی، شہید جانب خاصخیلی، شہید میرو خاصخیلی، شہید علی گل خاصخیلی اور شہید محمد رمضان خاصخیلی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ شہید محبوب علی سولنگی، شہید اللہ رکھیو سولنگی اور شہید حسین بخش منگنھار بھی ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پنہل خان چانڈیو کے 16 شہداء سمیت ایم آر ڈی کے تمام شہداء ہماری جمہوری جدوجہد کا ناقابل فراموش باب ہیں، ایم آر ڈی کے تمام شہداء ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے، ان کے نام آنے والی نسلوں کے لیے جمہوریت کی جدوجہد کی روشن علامت رہیں گے

مزید خبریں