وفاقی وزیر برائے بورڈ آف انویسٹمنٹ قیصر احمد شیخ نے ہیوسٹن، ٹیکساس میں پاکستان امریکن کانگریس (PAC) کے صدر ڈاکٹر اشرف عباسی کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے
وفاقی وزیر برائے بورڈ آف انویسٹمنٹ کی ہیوسٹن میں صدر پاکستان امریکن کانگریس کی جانب سے خصوصی عشائیے میں شرکت

مزید خبریں
ہیوسٹن، ٹیکساس۔29ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے بورڈ آف انویسٹمنٹ قیصر احمد شیخ نے ہیوسٹن، ٹیکساس میں پاکستان امریکن کانگریس (PAC) کے صدر ڈاکٹر اشرف عباسی کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے خصوصی عشائیے میں شرکت کی، جس میں پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کے نمایاں رہنمائوں، کاروباری شخصیات، پروفیشنلز اور کاروباری افراد نے شرکت کی۔تقریب میں ہیوسٹن میں پاکستان کے قونصل جنرل آفتاب چوہدری نے بھی شرکت کی۔ پروگرام کا اہتمام آسٹن، ٹیکساس سے تعلق رکھنے والے معروف ماہرِ تعلیم اور پاکستانی و کاروباری کمیونٹی سے طویل عرصے سے وابستہ اقبال شیخ کے تعاون سے کیا گیا۔ اقبال شیخ کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (KCCI) میں 20 سال تک پبلک ریلیشنز آفیسر کے فرائض انجام دے چکے ہیں جبکہ وہ 10 سال تک کاروباری گروپ سے بھی وابستہ رہے۔پاکستان امریکن کانگریس 1990 میں قائم ہوئی اور شمالی امریکا میں پاکستانی تنظیموں کی ایک امبریلا تنظیم ہے۔ تنظیم کے مطابق یہ ادارہ پاکستان اور امریکا کے درمیان اور دونوں ممالک کے عوام کے مابین خیرسگالی اور دوستانہ تعلقات کے فروغ کے لیے کام کرتا ہے، جبکہ سماجی، تعلیمی اور کمیونٹی سرگرمیوں کے لیے بھی پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے کہا کہ اس موقع پر پاکستان کی معاشی ترقی، سرمایہ کاری کے ماحول اور پاکستان و امریکا کے درمیان کاروباری و سرمایہ کاری روابط کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں عالمی سرمایہ کاروں کی دلچسپی میں اضافہ ہو رہا ہے اور حکومت سرمایہ کاری کے ماحول کو مزید بہتر بنانے کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور آئی ٹی سے متعلق خدمات، فوڈ پروسیسنگ و زراعت، ٹیکسٹائل اور ویلیو ایڈڈ مینوفیکچرنگ، آٹو موبائلز، لاجسٹکس، سیاحت و مہمان نوازی، ہائوسنگ و تعمیرات سمیت صنعتی اور خدمات کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے خصوصی اقتصادی زونز (SEZs) کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ زونز صنعتی سرمایہ کاری، مینوفیکچرنگ، برآمدات اور روزگار کے فروغ کے لیے اہم پلیٹ فارم فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاروں کو مخصوص انفراسٹرکچر، ریگولیٹری و انتظامی سہولیات اور سرمایہ کاری میں معاونت فراہم کی جاتی ہے۔ متعلقہ قانونی دفعات کے تحت اہل زون ڈویلپرز اور انٹرپرائزز کو درآمدی کیپیٹل گڈز پر کسٹمز ڈیوٹی اور ٹیکسز سے ایک مرتبہ استثنا جبکہ 2035 تک انکم ٹیکس سے استثنا کی سہولت حاصل ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں ریگولیٹری اصلاحات کا مقصد غیر ضروری طریقہ کار اور کاروباری تعمیلی بوجھ کو کم کرنا، کاروباری عمل کو آسان بنانا اور ریگولیٹری نظام کو مزید شفاف اور موثر بنانا ہے۔ انہوں نے کابینہ کمیٹی آن ریگولیٹری ریفارمز (CCoRR) اور بورڈ آف انویسٹمنٹ کے تحت جاری اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان اصلاحات کے ذریعے قواعد و ضوابط کو جدید بنانے، منظوری کے عمل کو آسان اور کاروبار و سرمایہ کاروں کے لیے سہولت پیدا کرنے پر توجہ دی جا رہی ہے۔وفاقی وزیر نے پاکستان کی بڑی اور تیزی سے ترقی کرتی ہوئی نوجوان آبادی کو ملک کا اہم قومی اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹیکنالوجی، انٹرپرینیورشپ، ہنرمندی، جدید صنعتوں اور برآمدی شعبوں میں سرمایہ کاری سے نوجوانوں کے لیے روزگار اور کاروبار کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں جبکہ اس سے ملکی پیداواری صلاحیت میں بھی اضافہ ہوگا۔انہوں نے پاکستانی نژاد امریکی کاروباری افراد، پروفیشنلز اور سرمایہ کاروں کو پاکستان میں شراکت داری اور سرمایہ کاری کے مواقع سے استفادہ کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ بیرونِ ملک پاکستانی پاکستان کو عالمی منڈیوں، جدید ٹیکنالوجی، مہارت اور سرمایہ سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔تقریب کے شرکا نے پاکستان کی معاشی صورتحال، سرمایہ کاری میں سہولت، صنعتی ترقی، برآمدات، انٹرپرینیورشپ اور پاکستان و امریکا کے درمیان کاروباری تعاون کے ممکنہ شعبوں پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر پاکستانی کاروباری اداروں اور پاکستانی نژاد امریکی کاروباری کمیونٹی کے درمیان براہِ راست روابط کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔وفاقی وزیر نےتقریب کے انعقاد اور پاکستانی نژاد امریکی کاروباری و کمیونٹی نمائندگان کے ساتھ مفید رابطے کے لیے ڈاکٹر اشرف عباسی، پاکستان امریکن کانگریس، قونصل جنرل آفتاب چوہدری، اقبال شیخ اور دیگر منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔پروگرام کے اختتام پر نمایاں شرکا میں تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں جبکہ وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ کو خصوصی شیلڈ پیش کی گئی۔وفاقی وزیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان حکومت سرمایہ کاری میں سہولت، کاروباری ماحول کو بہتر بنانے، برآمدات کے فروغ اور ملک میں پیداواری سرمایہ کاری و روزگار کے مزید مواقع پیدا کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔








