وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان ریلوے کسی ایک صوبے یا علاقے کا نہیں بلکہ پورے پاکستان کے عوام کا ادارہ ہے، تمام صوبوں کو ریلوے کی سہولیات تک مساوی رسائی فراہم کی جائے گی۔
تمام صوبوں کو ریلوے وسائل تک مساوی رسائی اولین ترجیح ہے، محمد حنیف عباسی کا نئی جناح پیپلز ٹرین سروس کی افتتاحی تقریب سے خطاب

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 29 ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان ریلوے کسی ایک صوبے یا علاقے کا نہیں بلکہ پورے پاکستان کے عوام کا ادارہ ہے، تمام صوبوں کو ریلوے کی سہولیات تک مساوی رسائی فراہم کی جائے گی۔ جناح پیپلز ٹرین سروس کا آغاز بلوچستان اور وفاق کے درمیان بہتر سفری رابطے کی جانب اہم قدم ہے، اس منصوبے کی تکمیل کا کریڈٹ وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور ان کی کابینہ کو جاتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ ریلوے سٹیشن پر 32 کلومیٹر فاصلے پر نئی جناح پیپلز ٹرین سروس کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی، رکن قومی اسمبلی و پاکستان مسلم لیگ (ن)بلوچستان کے جنرل سیکرٹری جمال شاہ کاکڑ، صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی، وزیر صحت بخت محمد کاکڑ، صوبائی وزیر تعمیرات میر سلیم احمد کھوسہ، صوبائی وزیر منصوبہ بندی میر ظہور بلیدی، وزیر تعلیم راحیلہ حمید درانی، وزیر آبپاشی میر صادق عمرانی، وزیر خوراک حاجی نور محمد دمڑ، وزیر ریونیومیر عاصم کرد گیلو، پارلیمانی سیکرٹری ٹرانسپورٹ میر لیاقت لہڑی، پارلیمانی سیکرٹری حاجی محمد خان لہڑی، ارکان اسمبلی ڈاکٹر مالک بلوچ، ملک نعیم بازئی، سید ظفر علی آغا، میر عبید گورگیج، صوبائی مشیر نوابزادہ امیر حمزہ زہری، مشیر ماحولیات نسیم الرحمان ملاخیل، مشیر کھیل مینا مجید بلوچ، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، سیکرٹری ٹرانسپورٹ محمد حیات کاکڑ، آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر اور دیگر حکام و سیاسی رہنما موجود تھے۔ محمد حنیف عباسی نے کہا کہ تقریب میں توقعات سے بڑھ کر لوگوں کی شرکت اور ان کے بھرپور جذبے کا اظہار خوش آئند ہے۔ اللہ تعالی نے انہیں ہمت اور طاقت دی ہے اور وہ اپنی بات کا کھل کر اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے میں چیئرمین ریلوے نے بھرپور تعاون کیا، جبکہ عوام کی موجودگی میں اس منصوبے کا کریڈٹ وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور ان کی کابینہ کو جاتا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ گزشتہ 78 سال کے دوران وزارت ریلوے اور صوبوں کے درمیان رابطوں کا فقدان رہا، تاہم اب تمام صوبوں کو ریلوے کی سہولیات تک رسائی دینے کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے پاکستان کسی ایک شخص یا صوبے کا نہیں بلکہ تمام پاکستانیوں کا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف سے بھی ملاقات کی، جس میں وزیراعظم نے واضح کیا کہ ریلوے کی سہولیات تک تمام صوبوں کی رسائی یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور بلوچستان نے سب سے پہلے آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کیا، جس پر انہیں بے حد خوشی ہے۔محمد حنیف عباسی نے کہا کہ اس منصوبے پر خوشی مجھ سمیت ہر اس پاکستانی کو ہے جو بلوچ، پشتون، سندھی، سرائیکی اور پنجابی سمیت تمام قومیتوں کو پاکستان کے ماتھے کا جھومر سمجھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان، اس کے آئین اور قانون کو ماننے والوں کیلئے ہماری جانیں بھی حاضر ہیں، جبکہ جو پاکستان کے آئین و قانون کو تسلیم نہیں کرتے، انہیں قبول نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ ریلوے کی بلوچستان میں ایک طویل تاریخ ہے۔ جناح پیپلز ٹرین کے منصوبے کیلئے ریلوے کی کیرج فیکٹری اسلام آباد میں بوگیوں کی تعمیر و مرمت کا کام کیا گیا اور 120 دن میں منصوبے کی تکمیل ہوئی، جس کا کریڈٹ وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور ان کی کابینہ کو جاتا ہے۔وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا وژن ہے کہ مین لائن ون (ایم ایل ون)منصوبے کو عملی جامہ پہنایا جائے۔ وزیراعظم نے ایم ایل ون کے تحت ڈھائی ارب روپے کے منصوبے کے افتتاح کا بھی کہا ہے، جس کا آغاز سندھ سے ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک خوبصورت گلدستہ ہے جس کی خوشبو ہر جگہ پھیل رہی ہے۔ وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی دہشت گردی کے خلاف کھل کر صف اول میں کھڑے ہیں۔ پاکستان کو دنیا کی کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی، ہم اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کا مقابلہ کر چکے ہیں اور جلد دہشت گردی کے خلاف بھی کامیابیاں حاصل کریں گے۔اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری ٹرانسپورٹ میر لیاقت لہڑی نے کہا کہ وزیراعلی بلوچستان کے ٹرانسپورٹ وژن کو عملی جامہ پہنایا جا رہا ہے اور کوئٹہ میں ٹرانسپورٹ کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔ گرین بس سروس کے بعد خواتین کیلئے پنک بس سروس بھی شروع کی گئی ہے، جس سے بڑی تعداد میں شہری مستفید ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ ان منصوبوں سے عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت اور فائدہ حاصل ہو۔








