اسلام آباد ریسکیو 1122 اور فائر بریگیڈ کے لئے 17 سال بعد 21 نئی جدید گاڑیاں کراچی پہنچ گئیں، وفاقی وزیر داخلہ کا کراچی پورٹ کا دورہ اور جائزہ

اسلام آباد ریسکیو 1122 اور فائر بریگیڈ کے لئے 17 سال بعد 21 نئی جدید گاڑیاں کراچی پہنچ گئیں، وفاقی وزیر داخلہ کا کراچی پورٹ کا دورہ اور جائزہ

کراچی/اسلام آباد۔29ستمبر (اے پی پی):اسلام آباد میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی صلاحیت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے 17 سال بعد اسلام آباد ریسکیو 1122 اور فائر بریگیڈ کے لئے چین سے درآمد کی گئی 21 نئی جدید ترین گاڑیاں کراچی پورٹ پر پہنچ گئیں۔وزارت داخلہ سے جاری بیان کے مطابق اس سلسلے میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کراچی پورٹ کا دورہ کیا اور ریسکیو بیڑے میں شامل ہونے والی نئی گاڑیوں کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔

اس موقع پر وزیر داخلہ کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ یہ تمام گاڑیاں آئندہ 5 روز کے اندر کراچی سے اسلام آباد پہنچ جائیں گی۔ بریفنگ میں واضح کیا گیا کہ یہ گاڑیاں دنیا کے جدید ترین آلات سے لیس ہیں اور فلک بوس عمارتوں میں 256 فٹ کی بلندی تک ریسکیو و فائر فائٹنگ آپریشنز کامیابی سے سرانجام دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔ نئے بیڑے میں 4 فائر ایریل ٹرک، 6 فائر ٹاورز اور 5 فائر ٹینکس سمیت دیگر معاون آپریشنل گاڑیاں شامل ہیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ اسلام آباد ریسکیو اور فائر بریگیڈ کے لیے نئی جدید گاڑیوں کی پاکستان آمد انتہائی خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2009 کے بعد اسلام آباد کے ریسکیو انفراسٹرکچر میں یہ سب سے بڑی اور تاریخ ساز شمولیت ہے۔ وزیر داخلہ نے نئی گاڑیوں کی تیز رفتار تیاری اور جلد ترسیل پر چین کی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے اعلان کیا کہ اسلام آباد کے شہریوں کے تحفظ اور بروقت مدد کے لیے جدید گاڑیاں اسلام آباد کے تمام 6 ریسکیو سٹیشنز پر ہمہ وقت الرٹ رہیں گی۔اس موقع پر چیف کلیکٹر کسٹمز اپریزیمنٹ سائوتھ، کلیکٹر اپریزیمنٹ ایسٹ، ایڈیشنل کلیکٹر اپریزیمنٹ ایسٹ، چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد، ڈائریکٹر سی ڈی اے اور نیشنل لاجسٹکس سیل (این ایل سی) کے اعلیٰ نمائندے بھی موجود تھے۔

مزید خبریں